ٹائمز رینکنگ میں حدود الشمالیہ یونیورسٹی 250 جامعات میں شامل
یونیورسٹی نے حال ہی میں چار تحقیقی پروگرام متعارف کرائے ہیں(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
جامعہ حدود الشمالیہ کو ٹائمز ملٹی ڈسپلنری سائنسز کی ورلڈ رینکنگ میں 201 سے 250 کے درمیان شامل کرلیا گیا ہے۔ عالمی درجہ بندی کی اس فہرست میں 102 ممالک کے 1058 تعلیمی ادارے شامل ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق درجہ بندی کا جائزہ تین بنیادی نکات پر لیا جاتا ہے، جن میں سائنسی تحقیق کے وسائل و معاونت ، کثیر شعبہ جاری تحقیق کو فروغ دینے والے ادارتی اقدامات اور تحقیقی نتائج سمیت ان کے علمی اثرات شامل ہیں۔
حدود الشمالیہ یونیورسٹی اپنے تحقیقی نظام کو مزید ترقی دینے اور مختلف علمی شعبوں کے مابین تعاون کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔
اس ضمن میں یونیورسٹی نے حال ہی میں چار تحقیقی پروگرام متعارف کرائے ہیں، جن کا مقصد اساتذہ، محققین اور یونیورسٹی کے اسکالرشپ پروگرام کے تحت بیرون ملک زیر تعلیم طلبہ کو عالمی جرائد میں سائنسی تحقیقات شائع کرنے کے لیے معاونت فراہم کرنا ہے۔
علاوہ ازیں یونیورسٹی نے صحت، انجینئرنگ، بنیادی و سماجی علوم، انٹرپرینیورشپ اورکان کنی کے شعبوں میں تحقیق کی معاونت کے لیے چار ریسرچ سینٹرز بھی قائم کیے ہیں، جن کا مقصد تحقیقی نتائج کے معیار کو بہتر بنانا اور علمی اشاعت کے معیار کو بلند کرنا ہے۔