Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غلط پیوند کاری سے بچے کی موت، اٹلی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی

دو سالہ بچے کی دل کی پیوند کاری کا عمل ناکام ہو گیا (فائل فوٹو: آئی سٹاک)
اٹلی میں ایک دو سالہ بچہ اس وقت جان کی بازی ہار گیا جب دل کی پیوند کاری کا عمل ناکام ہو گیا۔
سنیچر کو پیش آنے والے واقعے کے بعد مبینہ طبی غفلت کے معاملے پر اٹلی بھر میں شدید تشویش اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ڈومینیکو کی دسمبر میں دل کی پیوندکاری کی گئی تھی، تاہم رپورٹس کے مطابق عطیہ کیا گیا دل منتقلی کے دوران خشک برف سے براہِ راست رابطے میں آنے کے باعث متاثر ہو گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق اعضا کی منتقلی کے عمل میں درجۂ حرارت کا سخت کنٹرول انتہائی ضروری ہوتا ہے اور معمولی کوتاہی بھی عضو کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
استغاثہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور طبی عملے کے چھ  ارکان کو شاملِ تفتیش کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عطیہ کردہ دل کو شمالی شہر بولزانو سے قریباً 800 کلومیٹر دور جنوبی شہر نیپلز منتقل کیا گیا مگر اسے ایک غیر موزوں کنٹینر میں رکھا گیا تھا جس میں درجۂ حرارت جانچنے کے لیے تھرمامیٹر موجود نہیں تھا۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ غیر معمولی حد تک کم درجۂ حرارت نے دل کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔
ڈومینیکو کئی ہفتوں تک نیپلز کے ایک ہسپتال میں لائف سپورٹ پر زیرِعلاج رہا اور اس کا کیس پورے ملک میں سرخیوں میں رہا۔ بچے کی والدہ پیٹریزیا میرکولینو نے اطالوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’سب کچھ ختم ہو گیا، ڈومینیکو اب نہیں رہا۔‘
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اپنے بیٹے کے نام سے ایک فاؤنڈیشن قائم کریں گی۔
اٹلی کے وزیرِ صحت اوراتسیو شلاچی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’یہ پورے ملک کو ہلا دینے والا واقعہ ہے۔‘
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس سانحے کے بعد اعضا عطیہ کرنے کے رجحان میں کمی آ سکتی ہے اور شفاف تحقیقات پر زور دیا تاکہ طبی نظام پر عوام کا اعتماد برقرار رکھا جا سکے۔

شیئر: