ٹی20 ورلڈ کپ: سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ
ٹی20 ورلڈ کپ: سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ
ہفتہ 21 فروری 2026 15:49
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان آئندہ میچ 24 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ٹی20 ورلڈ کپ کے سُپر ایٹ مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا ہے اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ہے۔
سنیچر کو کولمبو کے پریماداسا کرکٹ سٹیڈیم میں میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے ہونا تھا تاہم مسلسل بارش کی وجہ سے ایک بھی گنید کا کھیل نہ ہوسکا۔
اس سے قبل پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا تاہم ٹاس کے بعد بارش کے سلسلے کا آغاز ہو گیا۔
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں خواجہ نافع کی جگہ فخر زمان کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا تھا۔
پاکستان نے نمیبیا کو شکست دے کر سُپر ایٹ مرحلے میں میں کوالیفائی کیا تھا جبکہ نیوزی لینڈ کینیڈا کو شکست دے کر سُپر ایٹ مرحلے میں پہنچا تھا۔
ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ 49 مرتبہ آمنے سامنے آچکے ہیں جس میں پاکستان نے 24 جبکہ نیوزی لینڈ نے 23 فتوحات حاصل کی ہیں جبکہ دو مقابلے برابر رہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اب اپنا آئندہ میچ 24 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی آٹھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ میں چار ٹیمیں شامل ہیں۔
ایک گروپ کے میچز انڈیا میں کھیلے جائیں گے جبکہ دوسرے گروپ کے مقابلے سری لنکا میں ہوں گے۔
اس مرحلے میں کوئی بھی ٹیم پہلے مرحلے کے پوائنٹس ساتھ نہیں لائے گی، یعنی تمام ٹیمیں صفر پوائنٹ سے نئے مرحلے کا آغاز کریں گی۔ میچ جیتنے والی ٹیم کو دو پوائنٹس ملیں گے۔
خراب موسم کے باعث اگر کم سے کم پانچ اوورز کا کھیل ممکن نہ ہو سکا تو میچ کو ’نو رزلٹ‘ قرار دیا جائے گا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل جائے گا۔
کسی میچ کے برابر ہونے کی صورت میں سپر اوور کھیلا جائے گا اور اگر سپر اوور بھی برابر ہو جائے تو فیصلہ ہونے تک مزید سُپر اوورز کروائے جائیں گے۔
ٹاس کے بعد پریماداسا کرکٹ سٹیڈیم میں بارش کے سلسلے کا آغاز ہو گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں چار اور پانچ مارچ کو کھیلے جانے والے سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی، جبکہ فائنل آٹھ مارچ کو ہوگا۔
گروپس کی تفصیل
سپر ایٹ مرحلے میں آٹھ ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ ون میں انڈیا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے شامل ہیں اور اس گروپ کے میچز انڈیا میں کھیلے جائیں گے۔
گروپ ٹو میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، پاکستان اور سری لنکا شامل ہیں جبکہ اس گروپ کے مقابلے سری لنکا میں ہوں گے۔ ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ میں پاکستان کی پلیئنگ الیون صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا (کپتان)، بابر اعظم، فخر زمان، عثمان خان (وکٹ کیپر)، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، سلمان مرزا اور عثمان طارق پر مشتمل تھی۔
نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون
اس میچ میں نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون میں فن ایلن، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، راچن رویندرا، گلین فلپس، مارک چیپ مین، ڈیرل مچل، مچل سینٹنر (کپتان)، جیمز نیشم، میٹ ہنری، ایش سودھی اور لاکی فرگوسن شامل تھے۔