Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان اور انگلینڈ کا اہم میچ، موسم کی صورتحال اور ماضی کے اعداد و شمار

پاکستان کا نیوزی لینڈ کے ساتھ گزشتہ میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال مزید دلچسپ ہو چکی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں آج پاکستان اور انگلینڈ اہم میچ کھیلنے جا رہے ہیں۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجکر 30 منٹ پر سری لنکا کے پالیکیلے سٹڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق ٹی20 ورلڈ کپ جو ابتدا میں چند بڑی ٹیموں تک محدود دکھائی دے رہا تھا، اب دلچسپ مقابلہ بن چکا ہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے انڈیا کو 76 رنز سے شکست نے ٹورنامنٹ کی تصویر بدل دی ہے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا گروپ مرحلے سے ہی باہر ہو چکی ہے۔ لیکن اس غیر یقینی فضا میں بھی انگلینڈ اور پاکستان کی کارکردگی ابھی تک مکمل طور پر قائل نہیں کر سکی۔
انگلینڈ نے مہم کا آغاز نیپال کے خلاف محض چار رنز کی جیت سے کیا، پھر ویسٹ انڈیز سے شکست کھائی، اس کے بعدسکاٹ لینڈ اور اٹلی کے خلاف اعصاب شکن فتوحات حاصل کیں۔ دوسری طرف پاکستان کو پہلے میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا، امریکہ اور نمیبیا کو ہرایا مگر انڈیا کے ہاتھوں 61 رنز کی شکست نے سوالات کھڑے کر دیے۔
سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا، مشترکہ پوائنٹس نے ان کے کوالیفکیشن کے مراحل کو مزید دلچسپ کر دیا ہے۔ اگر آج کامیابی نہ ملی تو ناک آؤٹ مرحلے کا خواب تقریباً ختم ہو سکتا ہے۔ انگلینڈ نے سری لنکا کو 51 رنز سے ہرایا، مگر حقیقت یہ ہے کہ 146 رنز کا ہدف خاصا کمزور تھا اور فل سالٹ کی نصف سنچری کے علاوہ بیٹنگ متاثر کن نہ تھی۔
England players celebrate after the team's victory over Sri Lanka, Sri Lanka vs England, T20 World Cup Super Eight, Pallekele, February 22, 2026
پاکستان کے خلاف میچ میں جیت انگلینڈ کی ٹورنامنٹ میں پوزیشن کو بہتر بنا دے گی۔ (فوٹو: گیٹی ایمجز)

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک اور فاسٹ بولر جوفرا آرچر بھی اعتراف کر چکے ہیں کہ ٹیم ابھی تک اپنا بہترین گیم نہیں کھیل سکی۔ اسی طرح پاکستان بھی بڑی ٹیموں کے خلاف اپنی بہترین کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا ہے۔
اعدادوشمار دباؤ کی کہانی سنا رہے ہیں۔ انگلینڈ کے اوپنر جوس بٹلر اور پاکستان کے صائم ایوب نے مل کر صرف 123 رنز بنائے ہیں۔ اس کے برعکس صاحبزادہ فرحان 220 رنز کے ساتھ ایونٹ کے نمایاں بیٹر ہیں، اوسط 73.33 اور سٹرائیک ریٹ 164.17 کے ساتھ۔
بابر اعظم کا سٹرائیک ریٹ 115.78 تنقید کی زد میں ہے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو انڈیا کے خلاف مہنگا ثابت ہونے کے بعد ڈراپ کر دیا گیا۔
انگلینڈ کی امیدیں ول جیکس پر ٹکی ہوئی ہیں جو بیٹ اور بال دونوں سے ٹیم کو سہارا دے رہے ہیں۔ اس میدان پر پچھلے ایک ماہ میں انگلینڈ چار میچ جیت چکی ہے اور سری لنکا کے خلاف سیریز بھی جیتی، اس لیے انہیں کسی حد تک ہوم ایڈوانٹیج حاصل ہے۔ پاکستان اس ٹورنامنٹ میں پہلی بار کولمبو سے باہر کھیل رہا ہے۔
سپاٹ لائٹ: جوس بٹلر اور سلمان مرزا
جوس بٹلر پانچ اننگز میں صرف 60 رنز بنا سکے ہیں (سٹرائیک ریٹ 113.20)، مگر ان کے تجربے پر ٹیم کو اعتماد ہے۔ دوسری جانب پاکستان اگر اسی کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترا تو سلمان مرزا واحد فرنٹ لائن سیمر ہوں گے۔ انہوں نے چار وکٹیں 8.75 کی اوسط اور 6.00 اکانومی سے حاصل کی ہیں، بشمول نیدرلینڈز کے خلاف 3/24 کی کارکردگی۔
ممکنہ سکواڈز
انگلینڈ (ممکنہ): فل سالٹ، جوس بٹلر، جیکب بیتھل، ٹام بینٹن، ہیری بروک (کپتان)، سیم کرن، ول جیکس، لیام ڈاسن، جیمی اوورٹن، جوفرا آرچر، عادل رشید۔
پاکستان (ممکنہ): صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا (کپتان)، بابر اعظم، فخر زمان، شاداب خان، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، سلمان مرزا، عثمان طارق۔
Salman Mirza cleaned up Jan Frylinck, Namibia vs Pakistan, T20 World Cup, Colombo, February 18, 2026
پاکستان کو ٹورنامنٹ میں بنے رہنے کے لیے آج کا میچ لازمی جیتنا ہوگا۔ (فوٹو: گیٹی ایمجز)

پچ اور موسم: کھیل مکمل ہونے کی نوید
میچ پالی کیلے کے تازہ پچ پر کھیلا جائے گا، جو بیٹنگ کے لیے نسبتاً بہتر سمجھی جا رہی ہے۔ گزشتہ میچ میں وکٹ سست تھی مگر خطرناک نہیں۔ تاحال خبر یہ ہے کہ آج بارش کا کوئی امکان نہیں۔ دوپہر میں درجہ حرارت تقریباً 27 ڈگری رہے گا جو شام میں معمولی کم ہوگا، نمی معمول کے ہونے کا امکان ہے مگر کھیل میں خلل کا خدشہ نہیں۔
پوائنٹس ٹیبل کا دباؤ
سپر ایٹ میں انگلینڈ کے دو اور پاکستان کے ایک پوائنٹ ہیں۔ انگلینڈ کی جیت انہیں بہتر پوزیشن دے گی، جبکہ شکست انہیں دوبارہ دوڑ میں دھکیل دے گی۔ پاکستان کے لیے یہ صرف میچ نہیں بلکہ بقا کی جنگ ثابت ہو گا۔
انگلینڈ بمقابلہ پاکستان میچز کے اہم اعدادوشمار
انگلینڈ نے مینز ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف تمام تین میچ جیتے ہیں۔ انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف آخری پانچ ٹی20 مقابلے بھی جیت رکھے ہیں۔ ول جیکس اس ورلڈ کپ میں تین بار پلیئر آف دی میچ بن چکے ہیں۔

شیئر: