Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: نمیبیا کو شکست دے کر پاکستان سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گیا

عثمان طارق نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی20 ورلڈ کپ کے 35ویں گروپ میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے تک رسائی حاصل کر لی ہے۔
بدھ کو کولمبو میں پاکستان کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی پوری ٹیم 18ویں اوور میں 97 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
نمیبیا کے آؤٹ ہونے والے 10 میں سے آٹھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے۔
اس سے قبل پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان کی 57 گیندوں پر سینچری اور شاداب خان کے آخری اوورز میں 36 رنز کی اننگز نے پاکستان کے 200 رنز کے ہدف میں اہم کردار ادا کیا۔
اس میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، شاہین آفریدی اور ابرار احمد کی جگہ سلمان مرزا اور خواجہ نافع کو موقع دیا گیا جبکہ بابر اعظم کو بیٹنگ کا موقع نہیں دیا گیا۔
اس سے قبل سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب کیا تھا۔

نمیبیا کی اننگز

نمیبیا ہدف کے تعاقب کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔ پاکستانی بولرز کے سامنے نمیبیا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
اس کے آؤٹ ہونے والے 10 میں سے آٹھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے۔
لورین سٹین کیمپ 23 اور الیگزینڈر بوسنگ وولسخینک نے 20 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے چار اور شاداب خان نے تین جبکہ سلمان مرزا اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 

پاکستان کی اننگز​

پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کریز پر اترے۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست سینچری سکور کی۔ انہوں نے 58 گیندوں پر 100 رنز بنائے جبکہ ان کی اننگز میں 11 چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔
صائم ایوب 12 گیندوں پر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سلمان علی آغا نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 23 گیندوں پر 38 رنز سکور کیے، جس میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

صاحبزادہ فرحان نے 57 گیندوں پر 100 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

اسی طرح سے خواجہ نافع پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آخری اوورز میں شاداب خان نے تیز رفتار اننگز کھیلتے ہوئے 22 گیندوں پر 36 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کی اننگز میں ایک چوکا اور تین چھکے شامل تھے۔
اس سے قبل پاکستان نے امریکہ اور نیدر لینڈز سے میچز جیت رکھے ہیں جبکہ انڈیا سے 61 رنز سے شکست کھا رکھی ہے۔ اس میچ کے بعد پاکستان گروپ اے کے پوائنٹس ٹیبل پر چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

اس میچ میں پاکستان کی پلیئنگ الیون صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا (کپتان)، بابر اعظم، عثمان خان (وکٹ کیپر)، خواجہ نافع، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، سلمان مرزا اور عثمان طارق پر مشتمل تھی۔

نمیبیا کی پلیئنگ الیون

اس میچ میں نمیبیا کی پلیئنگ الیون میں لورین سٹین کیمپ، جان فرائلنک، جان نکول لوفتی ایٹن، گیرہارڈ اراسمس (کپتان)، الیگزینڈر بوسنگ وولسخینک، جے جے سمتھ، زین گرین (وکٹ کیپر)، روبن ٹرمپلمین، ویسل مائی برگ، برنارڈ شولٹز اور جیک بریسل شامل تھے۔

شیئر: