Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی مردانہ لباس میں ’عقال فخر اور جرات کی علامت‘

المقصب مملکت کی شناختی علامت بھی سمجھا جاتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے مردانہ لباس میں ’عقال‘ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جسے شماغ یا غترہ (عربی رومال) پر سجایا جاتا ہے۔ عقال کی مختلف اقسام ہیں جن کی تیاری میں دھاگے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق عقال کو سعودی مردوں کی ثقافتی شناخت کے ساتھ بہادری اور مشکل حالات میں بے لوث مدد کی علامت کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔
عقال کی تیاری کے مختلف مراحل ہیں۔ ابتدا سفید سوتی دھاگوں سے ہوتی ہے۔ سخت روئی کی ڈوری بنا کر اس پر بکری کے اون کے دھاگے مضبوطی سے لپیٹے جاتے ہیں۔ پھر مخصوص آلے کے ذریعے دھاگوں کو سخت روئی کے گرد بنا جاتا ہے۔
ابتدائی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد جب ایک طویل و سخت پٹی نما چیز بن جاتی ہے، اسے دائرہ کی شکل دی جاتی ہے اور دونوں سروں کو جوڑا جاتا ہے۔
عقال کی متعدد اقسام ہیں اور بچوں اور بڑوں کے حساب سے ان کے سائز بھی مختلف ہوتے ہیں۔

سائز کے علاوہ عقال کی موٹائی اور سختی کا معیار بھی مختلف ہوتا ہے، جن میں ’نرم عقال‘ اور ’سخت و کھردرا عقال‘ شامل ہیں۔
دیگر اقسام عقال کی سجاوٹ کے اعتبار سے ہوتی ہیں جیسے سونے کے پانی چڑھے دھاگے یا ریشمی دھاگوں سے کڑھائی کیے گئے عقال۔ ایک قسم ’المقصب‘ بھی ہے جسے سعودی عرب کی شناختی علامت مانا جاتا ہے۔
عقال عرب معاشرے میں اہمیت کا حامل ہے اور یہ بہادری، فخر اور جرات کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔

 

شیئر: