مکہ اور مدینہ سمیت سعودی عرب کے کئی علاقوں میں جمعرات تک بارش کا الرٹ
سیلابی صورتحال کے ساتھ ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے ( فائل فوٹو)
سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے کئی علاقوں میں اتوار 29 نومبر سے سے جمعرات تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی نے بیان میں کہا ’اتوار سے بدھ تک مدینہ ریجن کے کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے درمیانے درجے سے شدید بارش کا امکان ہے۔
پیر اور منگل کو بارش کی شدت میں اضافہ متوقع ہے جبکہ مملکت کے دیگر علاقوں میں بھی جمعرات تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سول ڈیفنس کے بیان میں کہا گیا ’مکہ ریجن میں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔ سیلابی صورتحال کے ساتھ ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔
ریاض ریجن میں درمیانے درجے سے شدید بارش کی زد میں رہے گا۔ تبوک، الجوف، الشرقیہ، حدود الشمالیہ، حائل اور قصیم ریجن میاں درمیانے درجے سے شدید بارش سے متاثر ہوں گے۔
سول ڈیفنس نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ’سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ سیلابی پانی میں تیراکی سے گریز کیا جائے۔‘
سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔
