Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحیرۂ احمر کی قدرتی خوبصورتی اور موتیوں کی تاریخی صنعت جزائر فرسان کی پہچان

الشرمین ساحل دو قدرتی رکاوٹوں کے درمیان پھیلا ہوا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جازان شہر سے 50 کلومیٹر مغربی سمت میں واقع فرسان کمشنری کے جزائر اپنی منفرد خصوصیات کے باعث سیاحوں میں غیرمعمولی طور پر مقبول ہیں۔
جزیروں کے سفید ریتیلے ساحل، نیلگوں شفاف پانی، مرجانی چٹانوں کی منفرد ساختیں انتہائی دلکش قدرتی مناظر پیش کرتی ہیں، اسی وجہ سے یہ مثالی سیاحتی مقام مانے جاتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق کمشنری کے ساحلوں میں، ختب گاؤں کا الشرمین ساحل بھی شامل ہے جو دو قدرتی رکاوٹوں کے درمیان پھیلا ہوا ہے۔

یہ رکاوٹیں لہروں اور شمالی و جنوبی ہواؤں کی شدت کو کم کرتی ہیں، اسی لیے ماضی میں چوبی کشتیاں اور جہاز سمندر کی تندو تیز لہروں سے بچنے کے لیے یہاں لنگرانداز ہوا کرتے تھے۔
یہ ساحل ماہی گیروں، موتیوں کی تلاش میں غوطہ خوری کرنے والوں اور سمندر سے وابستہ روزمرہ زندگی گزارنے والوں کی پسندیدہ جگہ تھا۔

اس حوالے سے علاقے کے ایک سیاحتی امور کے ماہر عثمان حمق نے بتایا کہ ساحل کے کنارے قطار میں کھڑی لکڑی کی کشتیوں کے مناظر آج بھی ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے ہیں۔ اس جگہ ان کشتیوں کو ماہی گیری اور غوطہ خوری پر جانے سے قبل سفر کے لیے تیار کیا جاتا تھا۔
سیاحتی رہنما عثمان کا مزید کہنا تھا کہ فرسان کے جزیرے کا غیرمادی ثقافتی ورثہ بھی شناخت کا اہم حصہ ہے۔ اس میں عوامی روایات، مقامی نام اور سمندری پیشوں سے جڑی عادات شامل ہیں جو علاقے کے باشندوں کی ثقافتی شناخت کا حصہ بن چکی ہیں۔
انہوں نے اس ورثے کو محفوظ کرنے اور نئی نسل تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تشہیر سیاحتی تجربے کے فروغ کے لیے موثر ثابت ہوگی۔

الشرمین ساحل سیاحوں کو محض قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کا موقع ہی فراہم نہیں کرتا بلکہ فرسان کے جزائر کی سمندری زندگی اور ماضی کی روایات سے آگاہی کا ذریعہ بھی ہے۔
یہاں کے ساحلی مقامات سمندر کے ساتھ انسان کے گہرے تعلق کی یاد دلاتے ہیں۔
فطری مقامات اور ثقافتی دولت سے مالا مال جزائرفرسان آج بھی انسانی تاریخ اور ماحول کے باہمی تعلق کو دریافت کرنے کا کھلا موقع فراہم کرتے ہیں۔

 

شیئر: