ایران میں گلوکارہ اور اُن کی ٹیم کے ہر رکن کو 74، 74 کوڑے مارنے کی سزا
ایران میں ایک گلوکارہ اور اُن کی پروڈکشن ٹیم کے چار ارکان کو ’عوامی اخلاقیات کے خلاف مواد تیار کرنے‘ کے الزام میں کوڑے مارے گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے ایرانی خبر رساں ویب سائٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’گلوکارہ پرستو احمدی سمیت اُن کی پروڈکشن ٹیم کے ہر رکن کو 74،74 کوڑے مارے گئے ہیں۔‘
گلوکارہ اور اُن کی پروڈکشن ٹیم کے ارکان کو انٹرنیٹ پر غیر اخلاقی مواد تیار کرنے، شائع کرنے اور ’عوامی اخلاقیات کو مجروح کرنے‘ کے الزام میں کوڑے مارنے کی سزا سنائی گئی تھی۔
ایرانی ویب سائٹ امتداد نے پیر کو وکیل مصطفیٰ نیلی کے حوالے سے بتایا کہ گلوکارہ پرستو احمدی اور دیگر چار افراد پر فن اور موسیقی سے متعلق سرگرمیوں اور بیرونِ ملک سفر کرنے پر بھی دو سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
یہ مقدمہ دسمبر 2024 میں یوٹیوب پر ایک ویڈیو جاری ہونے کے بعد سامنے آیا تھا، جس میں پرستو احمدی کو لازمی حجاب پہنے بغیر مرد موسیقاروں کے ہمراہ گلوکاری کرتے دکھایا گیا تھا۔
ناروے میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم ہینگاؤ کے مطابق یہ واقعہ دارالحکومت تہران کے جنوب میں واقع شہر ’قُم‘ میں پیش آیا تھا۔
مغربی حکومتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے ایرانی گلوکارہ اور اُن کی پروڈکشن ٹیم کو کوڑے مارنے کی سزا پر سخت تنقید کی ہے اور اسے تشدد اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
دوسری جانب ایران نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مغربی ممالک کو چاہیے کہ وہ اپنے ہاں انسانی حقوق کی صورتِ حال پر توجہ دیں۔‘
یاد رہے کہ ایران میں خواتین کے لیے لازمی حجاب پہننے کی پابندی کا معاملہ 2022 میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران شِدت اختیار کر گیا تھا۔
ایران میں 2022 کے مظاہروں کا آغاز ایرانی کُرد خاتون مہسا امینی کی دورانِ حراست ہلاکت کے بعد ہوا تھا، جنہیں مبینہ طور پر لباس سے متعلق ضابطوں کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا۔
حالیہ برسوں کے دوران تہران اور دیگر علاقوں کی سڑکوں پر خواتین کی جانب سے ان پابندیوں کو نظرانداز کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ حکام کی جانب سے ان قوانین پر عمل درآمد بھی پہلے کی نسبت زیادہ منتخب انداز میں کیا جا رہا ہے۔
