Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آرٹیمس ٹو‘ میں نُٹیلا کی انٹری: تاریخ کا ’سب سے بڑا مفت اشتہار‘

خلابازوں کا مشن کے دوران تقریباً 40 منٹ کے لیے زمین سے رابطہ منقطع رہا (فوٹو: شٹر سٹاک)
امریکی خلائی ادارے ’ناسا‘ کے چاند کے مشن ’آرٹیمس ٹو‘ کے دوران ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جس نے دنیا بھر کے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔
چاکلیٹ اور ہیزلنٹ سپریڈ بنانے والی کمپنی ’نُٹیلا‘ کی ایک بوتل خلا میں یوں تیرتی دکھائی دی جیسے کسی اشتہار کی شوٹنگ ہو رہی ہو۔
زیرو گریویٹی میں یہ جار نہ صرف ہوا میں معلق رہا بلکہ اس کا لیبل بھی بالکل واضح انداز میں سامنے تھا، جسے دیکھ کر صارفین حیران رہ گئے۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو نے تیزی سے وائرل ہو کر لاکھوں افراد کی توجہ حاصل کی۔ صارفین نے اسے ’تاریخ کی بہترین مفت تشہیر‘ قرار دیا۔
ایک صارف نے ازراہِ مذاق لکھا کہ ’یہ شاید تاریخ کا سب سے زبردست فری اشتہار ہے‘ جبکہ دوسرے نے کہا کہ ’نُٹیلا کو ایسا اشتہار ملا ہے جو کوئی مارکیٹنگ ٹیم بھی نہیں بنا سکتی۔‘
دلچسپ بات یہ ہے کہ خود نُٹیلا نے بھی اس موقع کو ہاتھ سے جانے نہیں دیا اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمیں فخر ہے کہ ہم تاریخ میں سب سے دور تک جانے والا سپریڈ بن گئے ہیں، اور خوشیاں مزید بلندیوں تک لے جا رہے ہیں۔‘
ادھر کینیڈی سپیس سینٹر نے بھی اس پر دلچسپ ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’جب ہماری آرٹیمس ٹیم چاند کی تصاویر لے رہی ہے تو ساتھ میٹھی چیزوں سے بھی لطف اندوز ہو رہی ہے۔‘
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ’آرٹیمس ٹو‘ کا عملہ ایک تاریخی مرحلے کے قریب تھا۔ مشن نے ’اپالو 13‘ کا ریکارڈ توڑتے ہوئے زمین سے سب سے زیادہ فاصلے تک پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔
مشن کے دوران تقریباً 40 منٹ کے لیے رابطہ منقطع رہا جب خلائی جہاز چاند کے دوسری جانب گیا۔ اس دوران خلا باز انسانی تاریخ کے سب سے زیادہ تنہا افراد بن گئے اور انہوں نے چاند کے قریب ترین فاصلے (تقریباً 4057 میل) سے گزرنے کا مشاہدہ بھی کیا۔
رابطہ بحال ہونے کے بعد خلا بازوں نے ایک نایاب سورج گرہن کا مشاہدہ بھی کیا اور سورج کے گرد روشنی کے ہالے (کورونا) اور دیگر سیاروں کی تصاویر بنائیں۔
یہ مشن اب زمین واپسی کے مرحلے میں ہے اور توقع ہے کہ کیپسول 10 اپریل کو بحرالکاہل میں سین ڈیاگو کے قریب لینڈ کرے گا۔
اس مشن میں چار خلا باز شامل ہیں جن میں کمانڈر ریڈ وائز مین، پائلٹ وکٹر گلوور، مشن سپیشلسٹ کرسٹینا کوچ اور کینیڈا سے جیریمی ہینسن شامل ہیں۔
یوں خلا میں ایک عام سی نُٹیلا بوتل نے نہ صرف لوگوں کو محظوظ کیا بلکہ مارکیٹنگ کی دنیا میں ایک نئی مثال بھی قائم کر دی۔

شیئر: