Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خانۂ کعبہ جگمگاتا ہوا، ناسا کے خلا باز کی خلا سے لی گئی مکہ کی تصویر وائرل

خلا میں موجود انٹرنیشنل سپیس سٹیشن سے لی گئی ایک دل موہ لینے والی تصویر سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہی ہے جس میں خانۂ کعبہ روشنی کے ایک درخشاں مرکز کی طرح نمایاں ہے۔
یہ تصویر امریکی خلائی ادارے ناسا کے خلا باز ڈونلڈ پیٹٹ نے حال ہی میں اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق یہ تصویر ڈونلڈ نے اس وقت بنائی تھی جب  بین الاقوامی خلائی سٹیشن زمین کے اوپر تقریباً 400 کلومیٹر کی بلندی سے گزر رہا تھا۔
پیٹٹ اکثر خلا سے لی گئی اپنی تصاویر ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کرتے رہتے ہیں، اور رواں ہفتے انہوں نے مکہ مکرمہ کی یہ نایاب تصویر بھی اپنےفالوورز کے لیے شیئر کی۔
پیٹٹ نے تصویر کے ساتھ تحریر کیا 'مکہ کا مداری نظارہ۔ درمیان میں روشن جگہ خانۂ کعبہ ہے۔ اسلام کا مقدس ترین مقام جو خلا سے بھی واضح نظر آتا ہے۔'
یہ تصویر شیئر ہوتے ہی تیزی سے وائرل ہو چکی ہے۔ مختلف پلیٹ فارمز پر لاکھوں لوگ اسے دیکھ چکے ہیں اور تبصروں میں خانۂ کعبہ کی روح پرور چمک کو سراہ رہے ہیں۔
ڈونلڈ آر پیٹٹ ایک تجربہ کار ناسا خلا باز ہیں جنہیں 1996 میں منتخب کیا گیا تھا۔ وہ کیمیکل انجینئرنگ میں بی ایس اوریگون سٹیٹ یونیورسٹی اور پی ایچ ڈی یونیورسٹی آف ایریزونا سے رکھتے ہیں، اور خلا باز بننے سے قبل لاس الاموس نیشنل لیبارٹری میں سائنس دان تھے۔
پیٹٹ چار خلائی مشنز کر چکے ہیں، جن میں 2003 کی ایکسپیڈیشن 6، 2008 کا ایس ٹی ایس-126، 2012 کی ایکسپیڈیشن 30/31 اور سب سے حالیہ 2024 میں سوئیوز ایم ایس-26 کے ذریعے انٹرنیشنل سپیس سٹیشن روانگی شامل ہے۔ وہ مجموعی طور پر 590 دن خلا میں گزار چکے ہیں اور 13 گھنٹے خلا میں چہل قدمی (سپیس واک) انجام دے چکے ہیں۔

شیئر: