Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرمپ کے پاس ایران کو جوہری حقوق سے محروم کرنے کا کوئی جواز نہیں: ایرانی صدر

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ’صدر ٹرمپ کون ہوتے ہیں جو کسی قوم کو اس کے حقوق سے محروم کریں؟‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس ایران کو اس کے جوہری حقوق سے محروم کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
ایرانی اسٹوڈنٹ نیوز ایجنسی (ISNA) کے مطابق یہ بیان اتوار کو ایسے وقت میں سامنے آیا جب ابھی واشنگٹن اور تہران کے درمیان جوہری مسائل پر اختلافات بدستور برقرار ہیں۔
نیوز ایجنسی نے مسعود پزشکیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا رپورٹ کیا کہ ’ٹرمپ کہتے ہیں کہ ایران اپنے جوہری حقوق کا استعمال نہیں کر سکتا، لیکن یہ نہیں بتاتے کہ کس جرم کی پاداش میں۔ وہ کون ہوتے ہیں جو کسی قوم کو اس کے حقوق سے محروم کریں؟‘
خیال رہے امریکہ اور ایران 28 فروری سے چھ اپریل تک مسلسل حالت جنگ میں رہے جب دونوں کے درمیان دو ہفتے کے لیے جنگ بندی کا معاہدہ ہوا جبکہ اس کے بعد اسلام آباد میں مذاکرات بھی ہوئے جو کسی نتیجے تک نہیں پہنچ پائے۔
11 اپریل کو امریکی وفد کی اسلام آباد سے روانگی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کرنے کا اعلان کیا تھا، دوسری جانب لبنان کو جنگ بندی کے معاہدے میں شامل کیے جانے کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز کو کھولنے کا اعلان کر دیا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کا خیرمقدم کیا تاہم ساتھ یہ بھی کہا کہ ناکہ بندی برقرار رہے گی، جس پر سنیچر کو ایران نے آبنائے ہرمز کو ایک بار پھر بند کر دیا تھا۔
سنیچر کو ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی بندش کو ’بلیک میلنگ‘ قرار دیا تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ بات چیت آگے بڑھی ہے۔

شیئر: