ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے سے قبل چین دو بڑے پانڈا امریکہ کیوں بھیج رہا ہے؟
ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے سے قبل چین دو بڑے پانڈا امریکہ کیوں بھیج رہا ہے؟
ہفتہ 25 اپریل 2026 15:42
چین سے دو بڑے پانڈا 10 سال کے ایک نئے معاہدے کے تحت امریکہ بھیجے جا رہے ہیں (فائل فوٹو: گیٹی)
چین سے دو بڑے پانڈا 10 سال کے ایک نئے تحفظاتی معاہدے کے تحت امریکہ کے شہر اٹلانٹا بھیجے جا رہے ہیں۔
چین کی وائلڈ لائف کنزرویشن ایسوسی ایشن نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ نر پانڈا پنگ پنگ اور مادہ پانڈا فو شوانگ اب اٹلانٹا چڑیا گھر میں رہیں گے۔
تنظیم کے مطابق اس نے گذشتہ سال امریکہ کے اس چڑیا گھر کے ساتھ ایک تحقیقی معاہدے پر دستخط کیے تھے اور یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان 20 سال سے جاری ’پانڈا تعلق‘ کو آگے بڑھاتا ہے۔
بیان کے مطابق یہ پانڈا چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں واقع چنگدو ریسرچ بیس آف جائنٹ پانڈا بریڈنگ سے آئے ہیں۔
اٹلانٹا چڑیا گھر کے صدر ریمونڈ بی کنگ نے کہا کہ ادارہ ایک بار پھر اس قیمتی نسل کی ذمہ داری ملنے پر خوشی اور اعزاز محسوس کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پنگ پنگ اور فو شوانگ سے ملاقات کے منتظر ہیں۔
اٹلانٹا چڑیا گھر نے کہا کہ ادارہ ایک بار پھر اس قیمتی نسل کی ذمہ داری ملنے پر خوشی محسوس کر رہا ہے (فائل فوٹو: اے پی)
اٹلانٹا چڑیا گھر نے پہلی بار 1999 میں دیوقامت پانڈا یاںگ یاںگ اور لُن لُن کو قبول کیا تھا۔ اس جوڑے نے 25 سال کے معاہدے کے دوران سات بچے پیدا کیے اور 2024 میں معاہدہ ختم ہونے پر اپنے دو کم عمر بچوں کے ساتھ چین واپس چلے گئے تھے۔
چینی ایسوسی ایشن کے مطابق امریکہ کی جانب سے پنگ پنگ اور فو شوانگ کی آمد کے لیے ان کے رہائشی ماحول کی تزئین و آرائش کی گئی ہے تاکہ اسے زیادہ آرام دہ اور محفوظ بنایا جا سکے۔
یہ پانڈا معاہدہ ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آئندہ ماہ بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی توقع ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جمعے کو کہا کہ یہ نیا معاہدہ دیو قامت پانڈوں کی فلاح و بہبود اور چین اور امریکہ کے عوام کے درمیان دوستی کو فروغ دینے میں مدد دے گا۔