Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نایاب مرجان کی تسبیح‘: ریڈ سی میوزیم میں ایک ’بحری اور روحانی ورثہ‘

نایاب و قیمتی سیاہ مرجان بحیرہ احمر کی تہوں میں پایا جاتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جدہ  تاریخیہ میں واقع ریڈ سی میوزیم میں نایاب مرجان کی تسبیح کا ایک کلیکشن نمائش کے لیے رکھا گیا ہے جو ایک بحری اور روحانی ورثہ ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ’یسر‘ نایاب و قیمتی سیاہ مرجان بحیرۂ احمر کی تہوں میں پایا جاتا ہے۔ اسے ’یسرمکاوی‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ 
یسر سے تیار کردہ تسبیح اپنے جمالیاتی حسن کے باعث نمایاں ہیں اور یہ علاقے کی قدیم دستکاری میں شامل ہے۔ سیاہ مرجان اپنے گہرے رنگ اور چمکدار سطح کے باعث منفرد ہیں۔
بعض تسبیح میں چاندی یا عنبر بھی شامل کیا جاتا ہے جو ہنر کی باریکی اور نسل درنسل منتقل ہونے والی مہارت کا مظہر ہے۔
یہ تسبیح ذکر و اذکار اور اسلامی روایت سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔ اس کے دانے عموماً 33 یا 99 ہوتے ہیں۔ یوں یہ نہ صرف عبادت بلکہ روحانی ارتکاز کا بھی ذریعہ ہوتی ہیں۔
تسبیح تاریخی طور پر حج اور عمرے کے سفر سے منسلک رہی ہے جسے زائرین اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے لیے بطور تحفہ لے کر جاتے ہیں۔
میوزیم کی گیلری میں رکھی یہ نادر اشیا اپنی نفیس کاریگری اور دلکشی کے باعث سیاحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کراتی ہیں۔
یہ فن پارے بحری ماحول سے متاثر ہو کر جدید تخلیقی انداز میں پیش کیے گئے ہیں۔
 ریڈ سی میوزیم، نمائشوں کے ذریعے مملکت کے بحری ورثے کو اجاگر کرنے اور ثقافت کو فروغ دینے کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
یہ کاوشیں جدہ کے تاریخی علاقے کی بحالی اور اسے عالمی ثقافتی مرکز کے طور پر مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں جو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔

 

شیئر: