سعودی عرب میں انٹر نیٹ تک رسائی 99.6 فیصد تک پہنچ گئی: سروے رپورٹ
انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں میں 99.8 فیصد مرد 99.5 فیصد خواتین ہیں۔( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی سروے رپورٹ میں کہا گیا کہ مملکت میں 15 سے 74 برس کی عمر کے افراد میں انٹرنیٹ کا استعمال 99.6 فیصد تک پہنچ گیا۔
ایس پی اے کے مطابق فیملیز اور افراد کی جانب سے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی تک رسائی اور استعمال سے متعلق سروے میں بتایا گیا انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں میں 99.8 فیصد مرد جبکہ 99.5 فیصد خواتین ہیں۔
15 سے 24 برس کی عمر کا گروپ انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں میں سرفہرست ہے، اس کی شرح 99.9 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
نتائج سے پتہ چلتا ہے 99.3 فیصد افراد اپنے گھرسے انٹر نیٹ تک رسائی کرتے ہیں جبکہ 98 فیصد روزانہ کم از کم ایک مرتبہ انٹرنیٹ ضرور استعمال کرتے ہیں۔ موبائل فون انٹرنیٹ تک رسائی کا بنیادی ذریعہ ہے جسے استعمال کرنے والوں کی شرح 98.4 فیصد ہے۔ اس کے مقابلے میں لیپ ٹاپ استعمال کرنے والوں کا تناسب 13.9 فیصد اور ٹیبلیٹ کی شرح 12.3 فیصد ہے۔
سوشل نیٹ ورکنگ سب سے نمایاں آن لائن سرگرمی دیکھنے میں آئی۔ مجموعی انٹرنیٹ صارفین میں 99.7 فیصد افراد سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں۔ مردوں اور خواتین میں اس حوالے سے شرح یکساں رہی۔

87.8 فیصد انٹر نیٹ صارفین آن لائن وڈیوز دیکھتے ہیں جبکہ 55.2 فیصد افراد آڈیو مواد سنتے ہیں۔ اسی طرح 19.4 فیصد صارفین انٹرنیٹ پر آن لائن گیمز کھیلتے ہیں۔
ای گورنمنٹ سروسز کا استعمال 98.4 فیصد افراد کرتے ہیں۔ سعودی شہریوں میں یہ تناسب 98.6 فیصد رہا۔ مردوں کی شرح 98.9 اور خواتین میں 98.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ای کامرس کے شعبے میں مجموعی طور پر 74.5 فیصد انٹرنیٹ صارفین آن لائن اشیا اور سروسز حاصل کرتے ہیں۔ سعودی شہریوں میں یہ تناسب 84.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ سعودی خواتین میں آن لائن خریداری کا تناسب 86.8 فیصد جبکہ مردوں میں یہ شرح 83.1 فیصد دیکھنے میں آئی۔

آن لائن خریداری میں ملبوسات، جوتے، کھیلوں کا سامان، گھریلو اشیا ورا دیگر مصنوعات رہیں۔ غذائی اشیا اور تمباکو مصنوعات کی خریداری 54.4 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ کتب اور اخبارات خریدنے والوں کا تناسب 22.8 فیصد رہا۔
