گاڑیوں کی سالانہ انسپیکشن کے لیے توکلنا ایپ پر اپائنٹمنٹ کی سہولت
مملکت میں ڈیجیٹل سروسز کے دائرے کو وسیع کیا جا رہا ہے۔ ( فوٹو: اخبار 24)
سعودی سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی نے گاڑیوں کی سالانہ ٹیکنیکل انسپیکشن ’فحص الدوری‘ کے لیے توکلنا ایپ پر اپائنٹمنٹ کی سہولت فراہم کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق اتھارٹی کا کہنا ہے ’صارفین کی سہولت اور ان کے وقت کی بچت کے لیے ڈیجیٹل سروسز کے دائرے کو وسیع کیا جا رہا ہے۔‘
توکلنا ایپ کے ذریعے پیشگی وقت بکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ مقررہ وقت پر فحص سینٹر میں گاڑی کی فنی معائنہ باسانی کرا سکیں۔
توکلنا ایپ پر لاگ ان کرنے کے بعد ’الفحص الفنی‘ کے ٹیگ کو کلک کریں۔ حجز موعد ( اپائنٹمنٹ) کے خانے کا انتخاب کرکے مطلوبہ معلومات فیڈ کی جائیں، جس کے بعد دن اور وقت کا انتخاب کیا جائے۔
واضح رہے مملکت کے مختلف علاقوں میں فحص سینٹرز موجود ہیں، جہاں اپائنمنٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے، سالانہ بنیادوں پر 7.6 ملین اپائنٹمنٹ حاصل کیے جاتے ہیں۔
خیال رہے مملکت میں ٹریفک قوانین کے مطابق پانچ برس سے زیادہ پرانی گاڑی کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس کے بغیر گاڑی کے ملکیتی کارڈ ’استمارہ‘ کی تجدید ممکن نہیں ہوتی۔
