سعودی ولی عہد کے عطیے سے تعمیر ہونے والے مکانات مستحق خاندانوں کے حوالے
رہائشی یونٹس کی تعمیر 12 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کی گئی (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
سعودی وزیر بلدیات و ہاؤسنگ ماجد الحقیل نے کہا ہے کہ ایک ارب ریال کے عطیے سے تعمیر کیے جانے والے رہائشی یونٹس مستحق خاندانوں کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ذاتی حیثیت میں مستحق اور ضرورت مند خاندانوں کے لیے ہاؤسنگ منصوبوں کی مد میں ایک ارب ریال کا عطیہ دینے کا اعلان تھا۔
اخبار 24 کے مطابق ’جود الاسکان‘ کے پروگرام کے تحت رہائشی یونٹس کی تعمیر 12 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کی گئی۔
یہ اقدام سعودی ولی عہد کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے کیا گیا جس کا مقصد مملکت کے مختلف علاقوں میں مستحق خاندانوں کو مناسب رہائش فراہم کرنا ہے۔
ولی عہد نے ’جود الاسکان‘ کے تحت تعمیراتی پروجیکٹس کو 12 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ولی عہد کی ہدایات پر سختی سے عمل کرتے ہوئے ایک برس کی مقررہ مدت میں تمام رہائشی یونٹس مکمل کرکے مستحق خاندانوں کے حوالے کر دیے گئے۔
سعودی ولی عہد کا یہ عطیہ شہریوں کو بہتر معیار زندگی فراہم کرنے کے عزم، ہاؤسنگ کے شعبے، خصوصاً مستحق خاندانوں کے لیے رہائشی منصوبوں میں خصوصی دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔
