Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا کے دلکش پہاڑی مناظر میں سیاحتی سرمایہ کاری کے وسیع امکانات

جازان ریجن کی فیفا کمشنری کے پہاڑی علاقے منفرد جغرافیائی تنوع اور دلکش مناظر کی وجہ سے باعث کشش ہیں اور سیاحتی سرمایہ کاری کے متنوع مواقع فراہم کرتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق فیفا کمشنری میں سطح سمندر سے دو ہزار میٹر بلندی پر واقع پہاڑی سلسلوں پر بکھرے دیہات اور سیڑھی دار کھیت ایک دلکش منظر پیش کرتے ہیں۔
بلند چوٹیوں اور گہری ڈھلوانوں کے درمیان دکھائی دینے والے مناظر دھند اور بادلوں میں مزید دلکش ہو جاتے ہیں۔ یہ علاقہ پہاڑی سیاحت میں سرمایہ کاری کے حوالے سے امید افزا مقام بن چکا ہے۔
فیفا کمشنری میں سیاحتی منصوبوں کا مقصد علاقے کی خصوصیات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایسی مہمان نوازی اور تفریحی سہولتیں فراہم کرنا ہے جو پہاڑی علاقے کے  پُر فضا مقامات کے عین مطابق ہوں۔
ان مقامات کی بلندی ایسی ہے کہ بیٹھنے کی جگہوں کا رخ دیہات، سیڑھی دار کھیتوں اور پہاڑی چوٹیوں کی جانب رکھا جا سکتا ہے۔ اس کی ایک منفرد مثال ’الخطم ویو پوائنٹ‘ ہے جہاں سیاحوں کے لیے خوبصورت ماحول میں آرام دہ سہولتوں کی فراہمی کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔

ریزوٹ کے ویو پوائنٹ ایسی جگہ بنائے گئے ہیں جہاں سے ارد گرد کے پہاڑ، دیہات اور حسین مناظر آنکھوں کو ٹھنڈک فراہم کرتے ہیں۔
علاقے میں ریستوران اور جدید انداز کی روایتی جھونپڑیاں بھی بنائی گئی ہیں۔ یہاں آنے والوں کی سہولت کے لیے باربی کیو اور کچن کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ تفریح کا لطف دوبالا کیا جا سکے۔

مقامی ثقافت کو اجاگر کرنے کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ روایتی اشیا اور گھریلو دستکاری کی دکانیں بھی موجود ہیں جبکہ سعودی قہوے کے لیے مخصوص گوشہ بھی قائم کیا گیا ہے۔
فیفا کے پہاڑی مناظر ایسے سیاحتی تجربات کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتے ہیں جو مہمان نوازی، تفریح اور مقامی ثقافتی ورثے سے تعارف کو یکجا کرتے ہیں۔

 

شیئر: