Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں پہلی سیلف ڈرائیونگ ڈیلیوری سروس کے پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز

سعودی جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ریاض میں سیلف ڈرائیونگ ڈیلیوری سروس کے پہلے پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز کر دیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ اقدام اتھارٹی کی جانب سے جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانے، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں مں انوویٹیو سلوشنز کو فعال کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اس سے ڈیلیوری سروسز کی کارکردگی بڑھانے، معیار بہتر بنانے اور صارفین کے تجربے کو مزید موثر بنانے میں مدد ملے گی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ گزشتہ برس منعقد ہونے والے سالانہ ’ٹرانسپورٹ ہیکاتھون‘ میں پیش کیے گئے تصور کو عملی شکل دینے کی کامیاب مثال ہے۔
سیلف ڈرائیونگ ڈیلیوری گاڑیاں ریاض کے ایک مخصوص جغرافیائی زون میں آرڈرز کی ترسیل کے لیے استعمال کی جا رہی ہیں جس کا آغاز الفلاح ڈسٹرکٹ سے کیا گیا ہے۔

صارف کی جانب سے آن لائن آرڈر موصول ہونے کے بعد اسے گاڑی میں رکھا جاتا ہے جو خود کار جی پی ایس نظام کے تحت ایڈریس تک پہنچ جاتی ہے۔
ان گاڑیوں میں لیول فور کی خود کارڈرائیونگ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ 360 ڈگری سینسرز کے ذریعے اردگرد کے ماحول کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے جبکہ گاڑیوں کی براہ راست نگرانی ایک ریموٹ آپریشن سینٹر سے کی جاتی ہے۔ ہنگامی صورتحال میں گاڑی کو فوری طورپر روکا بھی جا سکتا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق اس منصوبے کا اہم ہدف ڈیلیوری کی لاگت میں 85 فیصد تک کمی لانا ہے۔ اس مقصد کے لیے الیکٹرک گاڑیوں پر مشتمل ایسا فلیٹ استعمال کیا جا رہا ہے جو دوران آپریشن کاربن کا اخراج نہیں کرتا اور سڑکوں پر شور کم کرنے میں بھی معاون ہوتا ہے۔
منصوبے سے گاڑیوں کی مقامی تیاری کو فروغ دینے کے ساتھ سعودی شہریوں کے لیے انجینیئرنگ، ٹیکنالوجی اور ریموٹ آپریشن کے شعبوں میں ملازمتوں کے مواقع  پیدا ہونے کی توقع ہے۔ اس سے خود کار ڈیلیوری ٹیکنالوجی کے معاشی اور ماحولیاتی فوائد کو مزید وسعت دی جا سکے گی۔

 

شیئر: