قصیم میں کھجوروں سے تیار کی جانے والی منفرد آئس کریم
آئس کریم کو کیفے، ریستورانوں اور ہوٹلوں میں پیش کیا جاتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
کھجور سے وابستہ خوراک کی صنعتیں تیزی سے ایسی نئی مصنوعات کا رخ کر رہی ہیں جو اس قومی زرعی پیداوار کی اہمیت میں اضافہ کرتی ہیں۔ ان ہی نئی پیشرفتوں میں کھجور کی آئس کریم شامل ہے جو سعودی عرب کی ایک اہم زرعی پیداوار کو خوراک کی جدید صنعتوں کے ساتھ جوڑنے کا ایک تجربہ ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق کھجور کی آئس کریم بنانے کا عمل پروسیسنگ کے لیے مناسب معیار کی کھجوروں کے انتخاب سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد ان کی چھانٹی، صفائی اور گٹھلیاں نکالنے کا کام کیا جاتا ہے، پھر انہیں ایک ملائم پیسٹ میں تبدیل کر دیا جاتا ہے جو آئس کریم کے آمیزے کا حصہ بنتا ہے۔
کھجور کے اس پیسٹ کو آئس کریم کے بنیادی اجزاء کے ساتھ ایک خاص فارمولے کے مطابق ملایا جاتا ہے جو پروڈکٹ کے ذائقے، بناوٹ اور مٹھاس کا پورا خیال رکھتا ہے۔
اس کے بعد یہ آمیزہ تیاری، پروسیسنگ، ٹھنڈا کرنے اور جمانے کے مراحل سے گزرتا ہے جس کے بعد اس کی پیکنگ اور مناسب فریزنگ کی حالت میں سٹوریج کی جاتی ہے۔
اس پروڈکٹ کو کیفے، ریستورانوں اور ہوٹلوں میں پیش کیا جا سکتا ہے اور ریٹیل دکانوں کے ذریعے بیچا جا سکتا ہے جبکہ مہمان نوازی، تحائف اور سیاحت کے شعبوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس کی اعلیٰ معیار کی پیکنگ بھی تیار کی جا سکتی ہے۔

اس تجربے کے خالق محمد الصالحی نے بتایا کہ کھجور سے آئس کریم بنانا چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور نئے تجربات کرنے والے اداروں کے لیے سعودی شناخت کی حامل غذائی مصنوعات تیار کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔
ان کے مطابق مختلف صارفین کے لیے اس آئس کریم کے مختلف سائز اور پیکجنگ تیار کی جا سکتی ہے، جبکہ اسے کھجوروں اور زرعی مصنوعات کی نمائشوں اور میلوں میں بھی پیش کیا جا سکتا ہے۔
