Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں عازمیں حج اور سیاحوں کے لیے سمارٹ گائیڈ متعارف

پلیٹ فارم کا مقصد مکہ کے رہائشیوں، محققین اور مواد تخلیق کرنے والوں کو ایک جگہ لانا ہے (ڈسکور مکہ ایکس)
مکہ سِٹی اور مشاعرِ مقدسہ کے لیے رائل کمیشن نے ’مکہ کے بارے میں جانیے‘ کے عنوان سے ایک ڈیجیٹل پلیٹ فام کا افتتاح کیا ہے جس کا مقصد شہر میں آنے والوں کے لیے اطلاعات اور خدمات تک رسائی کو بہتر بنانا ہے۔
زائرین اور مکہ کے مقدس شہر میں باہر سے آنے والے دیگر افراد کے لیے اس پلیٹ فارم کے ذریعے سفر کی منصوبہ بندی اور مکہ کے اہم مقامات تک جانے میں معاونت، ایک ہی جگہ سے فراہم کی جائے گی۔
اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر تاریخی نشاناتِ امتیاز، ثقافتی سائٹس اور میوزیم سے متعلق معلومات خاص طور پر توجہ کے قابل ہیں۔ پلیٹ فارم پر انٹر ایکٹیو آلات کی خدمات بھی موجود ہیں جن میں سمارٹ نقشے اور راستوں کا تعین کرنے کی تدابیر شامل ہیں۔
رائل کمیشن نے کہا ہے کہ پلیٹ فارم ایک ہی چینل کے ذریعے قابلِ اعتماد اور باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کی جانے والی معلومات ایک ہی جگہ پر مہیا کرے گا۔ پلیٹ فارم کی اس خصوصیت سے زائرین اور مسافروں کو کہیں آنے جانے یا مختلف خدمات کے حصول کے لیے مختلف جگہوں پر رابطے کرنے کی ضرورت کم سے کم ہو جائے گی۔
سی ای او صالح الرشید کا کہنا ہے کہ یہ انیشیٹیو منزلِ مقصود پر پہنچنے کے انتظامات کو بہتر بنانے کے علاوہ درست معلومات پر مبنی ایک مربوط نظام کے ذریعے ایسا تجربہ فراہم کرے گا جو صارف دوست ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ اس سے، مکہ سے متعلق مواد کو یکجا کرنے اور اِسے ڈیجیٹل طریقے سے منظم فارمیٹ میں پیش کرنے میں مدد ملے گی۔ اسلامی تاریخ سے متعلق سائٹس کو پلیٹ فارم سے منسلک کیا جائے گا جس سے مکہ کی ثقافتی اور تاریخی میراث بھی نمایاں ہوگی۔
اس پلیٹ فارم کا مقصد مکہ کے رہائشیوں، محققین اور مواد تخلیق کرنے والوں کو ایک جگہ لانا ہے جہاں انھیں تعلیمی اور تخلیقی مقاصد کے لیے مصدقہ معلومات اور تصاویر دستیاب ہوں گی۔

اس پلیٹ فارم کا اجرا ’سعودی وژن 2030‘ سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد زائرین کے لیے خدمات کو اور مکہ میں آنے والوں کے تجربات کو بہتر بنانا ہے۔ پلیٹ فارم کا ڈیجیٹل ایڈریس یہ ہے: (discovermakkah.sa)

شیئر: