Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بکرا قسطوں پر‘ کا وائرل منصوبہ، قربانی کے جانور اب اقساط پر دستیاب مگر کیسے؟

کلو فارم کے مطابق یہ منصوبہ اگلے سال کے لیے ہے اور اقساط قربانی سے قبل ہی مکمل ہوں گی۔ (فوٹو: کلو فارمز)
آپ سب نے عمر شریف کے مشہورِ زمانہ ڈرامے بکرا قسطوں پر کا ذکر تو ضرور سنا ہوگا۔
مگر اگر آپ کو بتایا جائے کہ ان الفاظ کو حقیقت کا روپ دے دیا گیا ہے تو شاید آپ بھی حیران رہ جائیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں عیدالاضحیٰ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور اسی حوالے سے سوشل میڈیا پر فارمز، بیوپاریوں اور خریداروں کی جانب سے مختلف ویڈیوز اور تجربات شیئر کیے جا رہے ہیں۔
حال ہی میں انسٹاگرام پر ایک ریِل تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں ایک صارف کلو فارمز نامی مویشی فارم میں موجود تھا۔ ویڈیو میں فارم کے باہر لگے ایک فلیکس نے سوشل میڈیا صارفین کی خاص توجہ حاصل کی، جس پر لکھا تھا بکرا قسطوں پر۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Komail Jafri (@irlkomail)

ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور کمنٹس میں صارفین اس حوالے سے مختلف سوالات کرتے دکھائی دیے۔ کئی لوگوں نے اسے محض ایک مارکیٹنگ ٹرک یا مذاق سمجھا، جبکہ کچھ صارفین حقیقت جاننے کے لیے بے تاب نظر آئے۔
اس حوالے سے جب ہم نے کلو فارمز سے رابطہ کیا تو اس منصوبے کے پیچھے تخلیقی ذہن فرخ نے تصدیق کی کہ یہ کوئی مذاق یا تشہیری حربہ نہیں بلکہ ایک حقیقی منصوبہ ہے۔
فرخ کے مطابق یہ سکیم دراصل سال 2027 کے لیے متعارف کروائی جا رہی ہے، جس کے تحت صارفین قربانی کا جانور خرید کر اس کی رقم اقساط میں ادا کر سکیں گے۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ اگر کسی صارف کا بجٹ ایک لاکھ روپے ہے تو وہ فارم سے اسی مالیت کا بکرا منتخب کر سکتا ہے اور پھر اگلی عیدالاضحیٰ سے پہلے پہلے اس کی تمام اقساط ادا کر دے گا۔ واضح رہے کہ قربانی کے دن تک جانور کی مکمل ادائیگی ہوچکی ہوگی۔

کلو فارم کے مطابق صارف اپنی مرضی سے ہر قسم کے بکرے کا انتخاب کر کے ان کی اقساط کروا سکتے ہیں۔ (فوٹو: کلو فارمز)

فرخ کا کہنا تھا کہ اس سکیم میں کسی قسم کا سود یا اضافی رقم وصول نہیں کی جائے گی۔ ان کے مطابق اگر کوئی صارف مکمل ادائیگی ایک ساتھ کرنا چاہے تو فارم کی جانب سے اسے 20 فیصد تک رعایت بھی دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فارم پورا سال جانور کی دیکھ بھال کرے گا، جبکہ جانور کو کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی صورت میں اس کی ذمہ داری بھی فارم خود اٹھائے گا۔
ایک اور اہم بات جو فارم کی جانب سے بتائی گئی، وہ یہ تھی کہ اس سکیم کے لیے کسی قسم کی ڈاؤن پیمنٹ لازمی نہیں رکھی گئی۔
بکروں کی قیمت کے حوالے سے بتایا گیا کہ فی کلو ریٹ تقریباً 2500 روپے تک ہو سکتا ہے، جبکہ فارم پر مکھی چینی اور راجن پوری نسل کے بکرے دستیاب ہوں گے، جنہیں پریمیم نسلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ فارم کے مالک نے بتایا کہ ان کی ویب سائٹ پر جا کر اپنی مرضی کے بکرے کی نسل سلیکٹ کی جا سکتی ہے۔

ویب سائٹ پر فلٹرز بھی دیے گئے ہیں جو تمام نسلوں اور ان کے وزن اور قیمتوں کے حساب سے صارف کو بکروں کا انتخاب کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

ساتھ ہی ساتھ بکروں کے وزن، ویکسینز اور دیگر معلومات حقیقی وقت میں اپ ڈیٹ بھی کی جاتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر اس منفرد تصور کو کچھ صارفین دلچسپ قرار دے رہے ہیں، جبکہ کئی لوگ اسے مہنگائی کے اس دور میں قربانی کو نسبتاً آسان بنانے کی کوشش بھی قرار دے رہے ہیں۔

شیئر: