بنگلہ دیش میں لوگ ایک غیرمتوقع سوشل میڈیا سٹار کے ساتھ تصاویر بنوانے کے لیے جوق در جوق آرہے ہیں اور یہ ایک البینو (سفید رنگت والا) بھینسا ہے جس کے لمبے سنہرے بال ہیں، اور جسے اس کے انداز کی وجہ سے ’ڈونلڈ ٹرمپ‘ کا لقب دیا گیا ہے، اور چند ہی دنوں میں اس کی قربانی کر دی جائے گی۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بھینسے کے مالک 38 برس کے ضیاالدین مردھا نے کہا کہ ’ان کے بھائی نے اس قریباً 700 کلوگرام وزنی جانور کا یہ نام اس کے لہراتے لمبے بالوں کی وجہ سے رکھا، جو امریکی صدر کے مخصوص انداز سے مشابہ ہیں۔‘
انہوں نے دارالحکومت ڈھاکہ کے قریب نارائن گنج میں واقع اپنے فارم پر اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے چھوٹے بھائی نے یہ نام بھینسے کے غیرمعمولی بالوں کی وجہ سے رکھا۔‘
مزید پڑھیں
-
عیدالاضحی پر قربانی کے جانوروں کی قیمتیں گزشتہ برس سے کمNode ID: 890411
-
’حج نہ قربانی‘، غزہ کے رہائشی کس حال میں عیدالاضحیٰ منائیں گے؟Node ID: 904513
ضیا الدین مردھا کے مطابق مئی میں متجسس شہریوں کی بڑی تعداد، سوشل میڈیا کے شائقین، عام لوگ اور بچے انٹرنیٹ پر شہرت حاصل کرنے والے اس سٹار کو دیکھنے کے لیے آتے رہے۔
انہوں نے دیکھا کہ ’کچھ لوگ بھینسے کے سر پر ٹھنڈے پانی کی بالٹی ڈال رہے ہیں، اور اس کے سنہرے بالوں کو گلابی برش سے سنوار رہے ہیں، جو اس کے خم دار بڑے سینگوں کے درمیان خوب صورتی سے جمے ہوئے ہیں۔‘
ضیاالدین مردھا نے کہا کہ ’اس کی واحد عیاشی یہی ہے کہ اسے دن میں چار بار نہلایا جاتا ہے۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’بھینسے اور امریکی صدر کے درمیان مشابہت صرف بالوں تک محدود ہے۔‘
محکمۂ لائیوسٹاک کے حکام کے مطابق البینو بھینسے انتہائی نایاب ہوتے ہیں، اور میلانین کی کمی کے باعث ان کا رنگ سفید یا گلابی دکھائی دیتا ہے۔
عیدالاضحیٰ
17 کروڑ کی آبادی کے حامل مسلم اکثریتی ملک بنگلہ دیش اس ماہ کے آخر میں عید الاضحیٰ یعنی ’قربانی کے تہوار‘ کی تیاری کر رہا ہے۔
اس موقعے پر ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ مویشی قربان کیے جانے کی توقع ہے جن میں بکریاں، بھیڑیں، گائیں اور بھینسے شامل ہیں، اور اس دوران بہت سے غریب خاندانوں کو بھی گوشت کھانے کا موقع ملتا ہے۔

ضیاالدین مردھا نے بتایا کہ ’ہجوم کے دباؤ کی وجہ سے بھینسے کا وزن کم ہو گیا ہے، جس کے باعث اس کی عوامی نمائش پر پابندیاں لگانا پڑیں۔‘
اس کے باوجود بچے اب بھی دروازوں سے جھانک کر اسے دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
30 سال کے تاجر فیصل احمد بھی ان لوگوں میں شامل ہیں جو قریب جا کر اس بھینسے کے ساتھ تصاویر بنوانے میں کامیاب ہوئے۔
انہوں نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اس بھینسے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خدوخال میں واقعی مماثلت ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’میرے بھتیجے نے صرف ‘ڈونلڈ ٹرمپ’ کو دیکھنے کے لیے ایک گھنٹے کشتی کا سفر کیا۔‘
‘قربانی دینا’
اگرچہ یہ ’ڈونلڈ ٹرمپ‘ بھینسا آن لائن قومی شہرت حاصل کر چکا ہے، لیکن یہ واحد ایسا بیل نہیں جس کی کوئی عرفیت ہو۔

اس کے ساتھ موجود دیگر جانوروں میں ایک جارح مزاج بھینسا ’طوفان‘، ایک بہت بڑی جسامت والا جانور’فیٹ بوائے‘، اور نرم مزاج کا حامل ’سویٹ بوائے‘ شامل ہیں۔
ایک سنہری بالوں والے بھینسے کا نام بھی اس کے بالوں کی وجہ سے ہی معروف برازیلی فٹبالر ’نیمار‘ کے نام پر رکھا گیا ہے۔
ضیاالدین مردھا گذشتہ ایک سال سے اپنے چار سال کے بھینسے کی دیکھ بھال کر رہے ہیں، وہ اسے چارہ کھلاتے ہوئے محبت بھری نگاہ سے دیکھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’مجھے ڈونلڈ ٹرمپ کی کمی محسوس ہوگی، لیکن قربانی ہی تو عیدالاضحیٰ کی اصل رُوح ہے۔‘












