Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاکھوں فرزندانِ اسلام آج حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ ادا کریں گے

آج حج 2026 اہم مرحلے میں داخل ہو گیا۔ حج کے رکن اعظم کی ادائیگی کے لیے لاکھوں فرزندانِ اسلام میدان عرفات میں پہنچ گئے ہیں۔ سال کے 12 ماہ میں صرف ایک دن کے لیے آباد ہونے والا یہ میدان لبیک کی صداؤں سے گونج رہا ہے۔
میدان عرفات کی مشہور مسجد ’نمرہ‘ میں حجاج ظہر اور عصر کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کریں گے اور حج کا خطبہ سنیں گے۔
حجاج سارا دن میدان عرفات میں ہی رہیں گے اس دوران بیشتر وقت عبادت الہی اور دعاؤں میں گزاریں گے۔ حجاج کی بڑی تعداد جبل الرحمہ اور اس کے اطراف میں صبح سویرے ہی پہنچ چکی تھی۔
تفصیلات کے مطابق حج کے رکن وقوفِ عرفہ کی ادائیگی کے لیے وادی منیٰ سے حجاج کو قافلوں کی صورت میں لانے کا عمل 8 ذوالحجہ یوم الترویہ کی رات گئے سے شروع ہو گیا تھا۔
حجاج کی میدانِ عرفات آمد کئی مراحل پر مشتمل رہی۔ مشاعر ٹرین کے علاوہ بسوں کے ذریعے بھی حجاج کو عرفات پہنچایا گیا۔
سارا دن میدان عرفات میں گزارنے کے بعد غروبِ آفتاب کے ساتھ ہی حجاج قافلوں کی صورت میں مزدلفہ کے میدان میں پہنچیں گے جہاں وہ مغرب اورعشا کی نمازیں قصر اور جمع کی صورت میں ادا کرنے کے بعد رمی (شیطان کو کنکریاں  مارنے) کے لیے کنکریاں جمع کریں گے اور بعدازاں صبح سویر طلوع فجر کے ساتھ ہی وادی منیٰ روانہ ہو جائیں گے۔
میدانِ عرفات میں انتظامیہ کی جانب سے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ازدحام کو کنٹرول کرنے کے لیے مسجد نمرہ اور جبل الرحمہ کے آمد و رفت والے راستوں کو جدا کیا گیا ہے تاکہ کسی طرح کے ٹکراؤ کا اندیشہ نہ رہے اور حجاج کسی تنگی یا پریشانی کا سامنا کیے بغیر اپنی مقررہ منزل تک پہنچ جائیں۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی بہترین انتظامات دیکھنے کو آئے، میدان عرفات جانے والی شاہراہوں پر ٹریفک پولیس کے یونٹس موجود تھی جو ٹریفک کو مکمل طور پر کنٹرول کر رہی تھی۔
حجاج کی رہنمائی اور آگاہی کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ ہلال الاحمر کے یونٹس اور سکاؤٹس مختلف مقامات پر موجود ہیں جبکہ فلاحی تنظیمیوں کے رضاکار بھی حجاج کی خدمت کو اپنے لیے باعث شرف سمجھتے ہوئے کسی سے پیچھے نہیں۔
سالِ رواں جبل الرحمہ کے اطراف میں انتظامیہ کی جانب سے گرمی کی شدت کو کم کرنے اور حجاج کو راحت پہنچانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے زمینی ایئرکنڈیشن یونٹس نصب کیے ہیں جس کےسبب علاقے میں تپتی دوپہر، یخ بستہ موسم میں تبدیل ہو گئی۔

شیئر: