Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قصیم ناردرن ٹریل: نجد کی اصل ثقافت، تاریخی مقامات اور دیہی زندگی کے بھر پور رنگ

سعودی ونٹر 2026 کے پروگرام کے تحت سیاحتی سرگرمیوں میں شامل ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
قصیم ریجن میں ’ناردرن ٹریل‘ سیاحت کے ایک متنوع منظر نامے کی عکاسی کر تا ہے جہاں تاریخی آثار، نخلستان اور زرعی فارمز و قدرتی مناظر کا حسین امتزاج  دیکھنے کو ملتا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق نجد کی اصل ثقافت اور دیہی زندگی کے بھر پور تجربات کو یکجا کرتے ہوئے یہ ٹریل ساحوں کو ونٹر سیزن میں خطے کے ثقافتی اور زرعی شناحت کو قریب سے دیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
 ’ناردرن ٹریل‘ سعودی ونٹر 2026 کے پروگرام کے تحت پیش کی جانے والی سیاحتی سرگرمیوں میں شامل ہے جس میں مجموعی طور پر 16 مقامات میں سے 6 قصیم ریجن میں واقع ہیں۔ اس سیاحتی سرگرمی کو ’ہر پڑاؤ ایک سفر‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔
تقریبا 1200 کلومیٹر طویل راستہ ریاض سے شروع ہو کر حائل ریجن کے علاقے جبہ تک جاتا ہے۔ اس کا بنیادی تصور مختفل سیاحتی مقامات کو آپس میں جوڑتے ہوئے ان کی تاریخی، ثقافتی اور جغرافیائی خصوصیات کو اجاگر کرنا ہے۔
پڑاؤ میں شامل بریدہ شہر اپنے تجارتی اور زرعی ورثے کے باعث نمایاں مقام کا حامل ہے۔ یہاں ’ڈیٹ سٹی‘ کے مقام پر کھجوروں کی پیداوار اور تجارتی امور کی عکاسی ہوتی ہے جبکہ ’عقیلات میوزیم‘ قدیم تجارتی قافلوں اور تاجروں کے سفر کی یادوں کو تازہ کرتا ہے۔

سوق قبہ رشید میں روایتی بازروں کی جھلک ملتی ہے جبکہ قصر الدبیخی نجدی طرزِ تعمیر کی خوبصورتی پیش کرتا ہے۔ شہر کے فارم اور باغات سیاحوں کو پھل توڑنے اور درختوں کے جھنڈ میں وقت گزارنے کا تجربہ فراہم کرتے ہیں۔
المذنب میں قدیم نجدی طرزِ زندگی کی جھلک اس کے تاریخی پہلووں اور سوق المجلس میں نمایاں ہے، جہاں مٹی سے بنی عمارتیں اور سماجی و تجارتی روایات آج بھی محفوظ ہیں۔
عنیزہ میں نجدی طرزتعمیر کی جھلک ’بیت البسام التراثی‘، بیت السلو اور قصر السبیعی‘ میں دیکھی جاسکتی ہے جبکہ سوق المسوکف قدیم تجارتی زندگی کی عکاسی کرتا ہے۔

جادہ النخیل سیاحوں کے لیے درختوں، رستورانوں اور کیفے کے درمیان سیر و تفریح کا ایک دلکش مقام ہے۔ اس کے علاوہ مرسم صالح النقیدان، کارواں سرائے میوزیم اور الاوسیہ نیچر ریزرو اس تجربے میں ثقافی اور قدرتی رنگ شامل کرتے ہیں۔
یہاں گھڑسواری، دستکاری اور ریت کے ٹیلوں کے درمیان غروبِ آفتاب کےحسین نظاروں سے بھی لطف اندوز ہونے کا موقع ملتا ہے۔
الرس میں تاریخی مقامات اس علاقے کے ماضی کی داستان سناتے ہیں۔ ان میں الشنانہ کا تاریخی مینار، قدیم الرس اپنے دروازوں اور تاریخی سرنگ کے ساتھ اور ثقافتی ’بیت الرس الثقافی‘ شامل ہیں۔

عیون الجوا میں تاریخی داستانیں اور قدیم طرزِ تعمیر ایک ساتھ دکھائی دیتے ہیں۔ یہاں صخرہ عنترہ کو خاص اہمیت حاصل ہے جس کا تعلق عنتر اور عبلہ کی مشہور داستان سے ہے۔
البکیرہ اپنی زرعی شناخت کے حوالے سے مشہور ہے جہاں کھیت، نخلستان اور تاریخی مقامات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ یہاں مقصورہ السویلم نمایاں تاریخی عمارتوں میں شامل ہے، جس میں روایتی بیٹھکیں، کھجوروں کے گودام اور قدیم کنویں بھی موجود ہیں۔
قصیم گورنریٹ میں سیاحتی کمیٹی کے رکن انجینئرسلمان الصوینع کا کہنا تھا  ’ناردرن ٹریل‘ علاقے میں موجود سیاحتی ثقافتی اور زرعی وسائل کے باعث نمایاں مثال ہے۔ دیہی فارم اب محض زرعی پیداوار کے مراکز ہی نہیں رہے بلکہ سیاحت کے حوالے سے بھی پرکشش مقامات بن چکے ہیں۔

سیاح یہاں دیہی طرز زندگی کا براہ راست تجربہ کر سکتے ہیں اور دیکھ سکتے ہیں کہ کس طرح زرعی مصنوعات کھیتوں سے پہنچ کر دستر خوان تک آتی ہیں یہ تجربہ معلومات، تفریح اور مقامی ثقافت کی عکاسی کا ایک حسین امتزاج ہے۔
زرعی پیداوار کے تنوع کے ساتھ قصیم میں کھجور کے منفرد باغات، موسمی فصلیں اور پھل سیاحت کے نئے اور جدید تجربات تخلیق کرنے کے لیے ایک بہترین بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

 

شیئر: