Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی سلامتی و حرمین شریفین کے تحفظ کا غیر متزلزل عزم، پاکستانی فوجی دستے کی تعیناتی

اس موقع پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح بن طامى البقمى بھی موجود تھے (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ سعودی عرب روانہ ہونے والے فوج کے دستے کے لیے ایک الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اتوار کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فوجی دستہ باہمی اتفاقِ رائے سے طے شدہ ذمہ داریوں اور دفاعی تعاون کے موجودہ فریم ورک کے تحت سعودی سرزمین پر اپنی ذمہ داریاں انجام دے گا۔
اس موقعے پر پاکستان میں سعودی عرب کے پاکستان سفیر ڈاکٹر راجح بن طامى البقمى بھی موجود تھے جبکہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔  
واضح رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیے کے صدر رجب طیب اردوغان نے رواں برس اگست میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ فوجی دستے کی یہ تعیناتی سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کی عکاس ہے، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تزویراتی شراکت داری اور برادرانہ تعلقات پر مبنی ہے۔
مزید کہا گیا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔ یہ تعیناتی ابھرتے ہوئے سلامتی کے خدشات کے تناظر میں مملکت کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
تقریب نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تزویراتی تعاون کی مضبوطی کو اجاگر کیا، جبکہ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کی بھی توثیق کی گئی۔

 

شیئر: