Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان: فش فارمنگ کا جدید منصوبہ، سالانہ 5 ہزار ٹن پیداوار کا ہدف

اس منصوبے پر 270 ملین ریال سے زائد کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
جازان میں  فشریز سیکٹر روایتی طریقوں سے ہٹ کر جدید ایکوا کلچر کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایسے سرمایہ کاری منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں جو جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی مہارت کا استعمال کرتے ہوئے فش فارمنگ کے لیے ایک پائیدار معاشی نظام کی بنیاد رکھ سکیں۔
ایس پی اے کے مطابق گورنر جازان اور ریجن کے ڈیویلپمنٹ سٹریٹیجک آفس کی نگران کمیٹی کے سربراہ شہزادہ محمد بن عبدالعزیز نے فش فارمنگ کے جامع منصوبے کا آغاز کیا ہے جس پر 270 ملین ریال سے زائد کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
وزارتِ ماحولیات، پانی و زراعت، جازان چیمبر آف کامرس، مقامی اور غیرملکی سرمایہ کاروں، سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے نمائندوں کے ساتھ اشتراکِ سے شروع ہونے والا یہ منصوبہ ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد معیاری سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور علاقے کے سمندری وسائل سے بھر پور استفادہ کرنا ہے۔
یہ اقدام بحیرہ احمر کے 300 کلو میٹر طویل ساحلی علاقے، گرم پانیوں اور متنوع سمندری ماحول سے بھر پور فائدہ اٹھائے گا جو فش فارمنگ کے لیے موزوں حالات فراہم کرتا ہے۔ اس کا مقصد ٹیکنالوجی کو مقامی سطح پر متعارف کرانے کے ساتھ نجی شعبے کی شمولیت کو بڑھانا ہے۔
مجموعی طورپر  10 لاکھ مربع میٹر رقبے پر پھیلا ہوا یہ منصوبہ دو عملی یونٹوں پرمشتمل ہے۔ پہلا یونٹ خشکی پر قائم کیا جائے گا جہاں فش فارمنگ اور ابتدائی مراحل میں مچھلیوں  کی پرورش کے لیے مخصوص تالاب بنائے جائیں گے۔ ان مراحل کی نگرانی ماہرین اور ویٹرنری ڈاکٹرز کریں گے۔

دوسرا یونٹ سمندر میں تیرتے ہوئے پنچروں پر مشتمل ہوگا جنہیں مچھلیوں کو شکاری جانوروں اور پرندوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہاں ایک ماہر ٹیم مچھلیوں کی دیکھ بھال اور نشو ونما کی مسلسل نگرانی کرے گی۔
منصوبے کا پیداواری عمل صرف مچھلیوں کی پرورش تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اس میں چھانٹی، صفائی، پیکنگ اور تقسیم کے مراحل شامل ہوں گے۔
 سال 2030 تک سالانہ 5 ہزار ٹن پیداواری صلاحیت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ 350 روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔ فش فارمنگ سے متعلق سرگرمیوں میں ملازمتوں کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔ سعودی شہریوں کو پرورش، پیداوار، آپریشنز، پروسیسنگ و مارکیٹنگ جیسے شعبوں میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔

 ریجنل وزارت ماحولیات و زراعت کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر احمد آل مجثل نے بتایا منصوبے کا آغاز علاقے میں سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے، مقامی اور بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینے اور معیشت کے تنوع میں مددگار اقدامات کو تقویت دینے کے حوالے سے گورنر جازان ریجن کی خصوصی دلچسپی کا مظہر ہے۔
فش فارمنگ منصوبہ  ماہی گیری کے شعبے میں ایک اہم اضافہ ہے۔ یہ سمندری وسائل سے استفادے اور آبی وسائل کی ترقی میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

 

شیئر: