Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے 2027 میں 50 سے زائد طیاروں کا آڈر دینے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے: سی ای او

سی ای او نے کہا کہ چین اور مشرقی بعید میں کئی نئے پوائنٹس پر بھی پی آئی اے پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتی ہے (فوٹو: پی آئی اے)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے سی ای او ایڈرین ہملٹن مانز نے معروف ہوابازی کے جریدے ایوایشن ویک کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کی انتظامیہ بیڑے میں اضافے اور نیٹ ورک کو وسعت دینے کےلیے 50 طیاروں کا آڈر کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔
اس میں 20 طیارے بڑے یعنی وائڈ باڈی اور 30 طیارے چھوٹے یعنی نیرو باڈی ہوں گے۔ یہ پاکستان کی 75 سالہ ہوابازی کی تاریخ کا سب سے بڑا جہازوں کا آڈر ہوگا۔
ایڈرین ہملٹن مانز نے کہا کہ ان طیاروں سے نا صرف پی ائی اے کے پرانے جہازوں، بالخصوص بوئنگ 777 کو، جدید ٹیکنالوجی اور کیبن سے آراستہ اور ایندھن کے استعمال میں بہتر طیاروں سے تبدیل کیا جائے گا، بلکہ ساتھ ہی بیڑے کے حجم میں بھی اضافہ کیا جائے گا جس سے پی آئی اے کو اپنے نیٹ ورک کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔
ان کے مطابق جہازوں کی ساخت سے متعلق ورکنگ کی جارہی ہے اور جو طیارے ہمارے آپریشن کی ساخت اور نیٹ ورک سے مطابقت رکھتے ہیں، ان ہی کو شامل کیا جائے گا۔ تاہم طیارے آرام دہ ہوں اور ان کی کیبن میں تمام جدید سہولیات میسر ہوں، یہ ہمارا نصب العین ہوگا۔ یہ جہاز مختلف ذریعے سے حاصل کئے جائیں گے جس میں براہ راست خریداری، لیزنگ اور طویل آمدنی فنانسنگ شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جہازوں کے حصول کے ساتھ ساتھ انجینیئرنگ کے شعبے کو تقویت دینا اور ان کو نئے جہازوں کیلئے تیار کرنے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اور انجینیئرز اور فضائی عملے کی ٹریننگ پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی آئی اے یورپ اور برطانیہ کی پروازوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ شمالی امریکہ کے روٹس میں بہت دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ وہاں اچھی اور ڈاریکٹ سروس کی بہت مانگ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور مشرقی بعید میں کئی نئے پوائنٹس پر بھی پی آئی اے پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک وسیع ملک ہے جس کی اچھی خاصی آبادی ہے اور ایک معیاری اور وسیع نیٹ ورک والی ائیرلائن اس ملک کی ضرورت ہے۔

 

شیئر: