حوثیوں کا ریاض اور توانائی مراکز پر حملہ، سعودی عرب نے میزائل فضا میں ہی ناکام بنا دیے
ترجمان نے کہا کہ ’میزائل کو تباہ کرنے کے بعد اس کا ملبہ گرا، تاہم کسی شہری جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔‘ (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
یمن میں قانونی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے کہا ہے کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے اتوار کی صبح مملکت کی جانب داغے گئے متعدد بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کر دیا، جبکہ یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے حملے جاری رہے۔
عرب نیوز کے مطابق تازہ حملے ریاض میں صبح اڑھائی بجے کے کچھ دیر بعد ہوئے، جب شہریوں کو موبائل فون پر ممکنہ فضائی خطرے سے متعلق انتباہی پیغامات موصول ہوئے۔
اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے ایکس پر اعلان کیا کہ فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت کی جانب حوثیوں کے داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو تباہ کر دیا۔
ایک پہلے بیان میں المالکی نے کہا تھا کہ اتحادی فضائی دفاع نے مشرقی صوبے کے اضلاع الاحساء اور بقیق کو نشانہ بنانے والے ایک بیلسٹک میزائل کو بھی تباہ کر دیا۔
ترجمان نے کہا کہ ’میزائل کو تباہ کرنے کے بعد اس کا ملبہ گرا، تاہم کسی شہری جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔‘
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ اتحادی افواج نے یمن کے صوبہ صعدہ میں ایک بیلسٹک میزائل لانچر کو تباہ کر دیا، جسے حوثیوں نے سعودی عرب کے جنوب مغربی سرحدی علاقے جازان پر حملے کے لیے استعمال کیا تھا۔
یہ تازہ کارروائیاں سنیچر کو مملکت پر ہونے والے حملوں کے سلسلے کے بعد سامنے آئیں، جب اتحادی افواج نے سعودی عرب کے مختلف علاقوں کی جانب داغے گئے چار بیلسٹک میزائل اور ایک کروز میزائل تباہ کرنے کی اطلاع دی تھی۔
اتحاد کے مطابق جنوبی علاقے کو نشانہ بنانے والے دو بیلسٹک میزائلوں کو بھی تباہ کیا گیا، جبکہ ریاض ریجن کی طرف آنے والے ایک کروز میزائل اور جازان صوبے کے علاقے الشقیق کو نشانہ بنانے والے ایک اور بیلسٹک میزائل کو بھی ناکارہ بنا دیا گیا۔
اتحاد نے کہا کہ الشقیق کے قریب گرنے والے ملبے سے کوئی شہری زخمی نہیں ہوا۔ یہ ساحلی شہر جنوبی سعودی عرب کو پانی اور بجلی فراہم کرنے والی اہم ڈی سیلینیشن اور بجلی پیدا کرنے کی تنصیبات کا مرکز ہے۔
جمعرات کو جازان ریفائنری پر ہونے والے ایک حملے میں ایک نیپالی کارکن ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع اس تنصیب کی یومیہ تیل پراسیسنگ صلاحیت چار لاکھ بیرل تک ہے۔
حوثیوں نے بدھ کو جازان بندرگاہ پر بھی حملہ کیا تھا جس سے معمولی نقصان ہوا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اسی ہفتے ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں ایک ٹاور پر حوثیوں کے حملے میں سعودی سول ڈیفنس کے مطابق 11 افراد زخمی ہوئے تھے۔
