سعودی شہری نے والد کی دل جوئی کے لیے ’ہیریٹج فورٹ‘ بنا دیا
قصیم کا یہ نجی میوزیم سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے ( فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی شہری نے اپنے بیمار والد کی دل جوئی کے لیے وسیع و عریض رقبے پر ’ہیریٹج فورٹ‘ قائم کر دیا جو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
سعودی ٹی وی الاخباریہ کے مطابق قصیم ریجن کی الرس کمشنری کے رہائشی خالد الجدعی کا کہنا ہے کہ ’والد صاحب کو پرانی اشیا جمع کرنے کا شوق تھا۔ وہ اکثر قدیم اشیا لاتے اور انہیں حفاظت سے رکھا کرتے تھے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ تقریباً 20 برس قبل والد کو فالج کا اٹیک ہوا جس سے ان کے جسم کا بڑا حصہ ناکارہ ہو گیا اور وہ صاحبِ فراش ہو گئے۔
خالد الجدعی نے کہا ’ہم والد کو خوش دیکھنا چاہتے تھے۔ اس دوران مجھے عجیب و غریب خیال آیا جس کے لیے سات ہزار مربع میٹر زمین خریدی اور وہاں قدیم طرز کا قلعہ تعمیر کرانا شروع کر دیا۔‘
ان کے مطابق ’قلعے کی تعمیر میں آٹھ ماہ سے زیادہ عرصہ لگا۔ تعمیر کا کام مکمل ہونے کے بعد وہاں قدیم اشیا سجانی شروع کیں جن میں پرانا اسلحہ، علاقائی برتن، روزمرہ کے استعمال کی چیزیں جن میں والد صاحب کی جمع کردہ اشیا شامل تھیں۔‘

قلعہ الجدعیہ کے مالک خالد الجدعی نے کہا کہ اس وقت قلعے میں 35 ہزار سے زائد قدیم اشیا موجود ہیں جبکہ راس کمشنری سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات جنہوں نے وطن عزیز کے لیے مثالی خدمات انجام دیں، ان کی تصاویر بھی وہاں رکھی گئی ہیں جبکہ آل سعود کا شجرہ نصب بھی کنندہ کرایا گیا۔‘

قلعہ الجدعیہ میں ایک لائبریری بھی ہے جس میں 13 ہزار سے زیادہ کتابیں موجود ہیں۔ اس میں ثقافتی، سماجی اور تاریخی کتب کا نادر ذخیرہ ہے اور بعض کتابیں 100 برس سے بھی زیادہ پرانی ہیں۔
