Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کعبۃ اللہ کے چاروں طرف 60 زرنگار حلقوں میں صدیوں پرانے اسلامی ورثے کی جھلک

یہ حلقے کسوۂ کعبہ کو مضبوطی سے سہارا دینے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
بیت اللہ کے ارد گرد زریں آرائش اُس احتیاط اور عقیدت کا منہ بولتا ثبوت ہے جو سجاوٹ کے اس کام میں دکھائی جاتی ہے اور کعبے کے شاندار فنِ تعمیر اور جمالیاتی تفصیل کی طرف دی جانے والی توجہ کی عکاس ہے۔
کعبے کو دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے دلوں میں اللہ کے گھر کے لیے انتہائی ادب و احترام موجود ہے اور یہ کہ مملکت، نہ صرف حرمین شریفین کی دیکھ بھال اور نگہداشت بلکہ اِن دونوں مقدس مقامات کی زیارت کے لیے آنے والوں کا بھی مسلسل خیال رکھتی ہے۔
کعبۃ اللہ کے چاروں طرف 60 زرنگار حلقے انتہائی احتیاط سے لگائے کیے گئے ہیں۔ یہ حلقے شدروان کے ارد گرد ہیں جو کعبے کی بنیادوں پر ماربل سے بنا ہوا ڈھلان والا مقام ہے جس پر کعبے کی چار دیواری کھڑی ہے۔
یہ حلقے کسوۂ کعبہ کو مضبوطی سے سہارا دینے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور اس کے استحکام اور ترتیب کو برقرار رکھنے میں بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ اِن حلقوں سے کعبے کے جمالیاتی عنصر میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور یہ ڈیزائن کی پیمائش میں قطعیت اور اُس کی درستی میں کمال کے علاوہ خوبصورتی اور اُس شان کو بھی اجاگر کرتے ہیں جو بیت اللہ سے وابستہ ہے۔
سنہری حلقے کسوۂ کعبہ کی دیکھ بھال کے ایک جامع نظام کا حصہ ہیں۔ اِن کی دیکھ بھال، صفائی اور تکنیکی ماہرین کی زیرِ نگرانی معائنے کا کام باقاعدگی سے انجینیئرنگ کے اعلٰی ترین معیار کے مطابق کیا جاتا ہے۔ اس احتیاط کا مقصد سنہری حلقوں کی کوالٹی، نفاست اور بہترین کارکردگی کو یقینی بنانا ہوتا ہے۔

 زریں حلقوں کی وقتاً فوقتاً کی جانے والی دیکھ بھال اِس بات کا اظہار ہے کہ بیت اللہ سے منسوب ہر چیز کا کس حد تک خیال رکھا جاتا ہے۔
یہ تمام امور کعبے کے تقدس کو ملحوظ رکھتے ہوئے انتہائی احتیاط کے ساتھ سر انجام دیے جاتے ہیں۔ اِن کاموں میں سنہری حلقوں کی مضبوطی اور پختگی کی تصدیق اور اُن کی جمالیاتی خوبصورتی کو برقرار رکھا جاتا ہے تاکہ لاکھوں عبادت گزار، عمرہ زائرین اور دیگر افراد کی آنکھیں جب کعبۃ اللہ کی طرف اُٹھیں تو وہ اپنی انتہائی نفیس اور بہترین شان میں نظر آئے۔

کعبے کے اردگرد نصب زریں حلقوں کی اہمیت صرف تعمیری نہیں بلکہ وہ اسلامی تعمیراتی ورثے کو بھی ظاہر کرتے ہیں جو اسلام میں کعبہ جیسے مقدس مقام سے وابستہ ہے۔
یہ حلقے محض کسوہ کو سہارا دینے کے لیے نصب نہیں کیے گئے بلکہ اِن سے بیت اللہ کی دیواروں کا سیدھ میں رہنا اور اِس کے جمالیاتی نظم اور تناسب کا بھی گہرا تعلق ہے جن کی وجہ سے کعبے کی شان و شوکت میں کوئی کمی نہیں ہوتی۔ زریں حلقوں کی چمک دمک اُن کوششوں کی ایک گواہی بھی ہے جو بیت اللہ کی جاہ و عظمت اور شرف و وقار کو محفوظ رکھنے کے لیے مسلسل کی جا رہی ہیں۔

شیئر: