سعودی عرب کی صنعتی تنصیب پر ایرانی حملے کی مذمت، بحرین سے اظہار یکجہتی
اتوار 22 نومبر 2026 18:09
بیان کے مطابق مملکت ان کارروائیوں کے نتائج کا ذمہ دار ایران کو سمجھتی ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے اتوار کو بحرین میں صنعتی تنصیب پر ایرانی حملے کی مذمت اور منامہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے بیان میں بحرین کی جانب سے اپنی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’سعودی عرب، ایران کی ان مسلسل کارروائیوں کو قطعی مسترد کرتا ہے جو خطے میں امن واستحکام کو نقصان پہنچاتی ہیں۔‘
’ان کارروائیوں میں علاقائی ممالک اور شہری انفرا سٹرکچر کو نشانہ بنانا، بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ اور اسلامی کانفرنس تنظیم کے چارٹر کی خلاف ورزی اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کو نظر انداز کرنا شامل ہے۔‘
وزارت نے بیان میں کہا کہ ’مملکت خطے میں جاری مسلسل جارحانہ کارروائیوں کے نتائج کا ذمہ دار ایران کو سمجھتی ہے۔‘
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے بھی ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے بحرین کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
بحرینی حکام کے مطابق ایک روز قبل ایران کے حملوں کے نتیجے میں ایک شہری صنعتی تنصیب میں آگ لگنے اور نقصان پہنچنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔
حکام کے مطابق حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں ایک بحرینی شہری اور ایک پاکستانی رہائشی شامل ہیں۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکروں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے اور اس اہم بحری گزرگاہ پر کشیدگی برقرار ہے۔
