ریاض ایئر کے لیے جدید طیارے تیار، شہزادی ریما کا بوئنگ فیکٹری کا دورہ
سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر کا کہنا ہے کہ نئے جدید طیارے آئندہ چند روز میں مملکت پہنچ جائیں گے جس کے ساتھ ہی فضائی کمپنی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما نے جنوبی کیرولائنا میں بوئنگ فیکٹری کا دورہ کیا اور ریاض روانگی سے قبل جدید ترین طیارے کا معائنہ کیا۔
پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے گورنر اور ریاض ایئرلائنز کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین یاسر الرمیان نے بھی بوئنگ فیکٹری کا دورہ کیا۔
سعودی عرب کو بڑے اور علاقائی مراکز سے جوڑنا، عالمی معیار کا سفر اور لاجسٹک تجربہ فراہم کرنا ایئرلائن کا مشن ہے۔
ریاض ایئر کے بیڑے میں جدید ترین طیاروں کی شمولیت سے مملکت کی عالمی سطح پر پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔

علاوہ ازیں ریاض ایئر نے تجرباتی پرواز بی ون فلائٹ کامیابی سے مکمل کی۔ بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر طیارے نے امریکی ریاست ساوتھ کیرولائنا سےاڑان بھری اور امریکی فضاؤں میں تجرباتی پرواز کا دورانیہ مکمل کیا۔
اس سے قبل سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر نے یکم جولائی سے ٹکٹوں کی عوامی فروخت کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔
یکم جولائی 2026 سے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے درمیان پروازوں کے لیے نئے ڈریم لائنر 9-797 بوئنگ طیارے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

کمپنی کی جانب سے لائلٹی پروگرام ’سفیر‘ کے عنوان سے بھی لانچ کیا جا چکا ہے جس کے ذریعے رجسٹرڈ مسافر بہترین آفرز حاصل کر سکتے ہیں۔ جس میں ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کالنگ اور واٹس ایپ کالز سمیت دیگر متعدد آپشنز بھی موجود ہیں۔
واضح رہے کمپنی نے 26 اکتوبر 2025 سے یومیہ کی بنیاد پر ریاض سے لندن کے لیے تجرباتی پروازیں شروع کی تھیں جس میں بیک اپ طیارے ’جمیلہ‘ کے نام سے استعمال کیے گئے تھے۔
