Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض ایئر کی ریاض سے لندن کے لیے پہلی کمرشل پرواز

سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ریاض ایئر نے بدھ کو افتتاحی پرواز کا آغاز کیا ہے جو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی۔
افتتاحی پرواز نے سعودی عرب کے فضائی سفر اور کنیکٹیویٹی سیکٹر میں ایک نئے باب کا آغاز کر دیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریاض ایئر کے  بیڑے کے پہلے دو طیارے 5 جون کو ریاض پہنچے تھے جبکہ تیسرا طیارہ 7 جون کو پہنچا۔
نئے طیاروں کی آمد آنے والے دنوں میں بھی شیڈول ہے تاکہ کمپنی کے آپریشنل منصوبوں اور 2030 تک سعودی عرب کو دنیا کے 100 مقامات سے منسلک کرنے کے ہدف کو سپورٹ کیا جا سکے۔
یہ افتتاحی پرواز ریاض ایئر کے لیے اہم سنگ میل رکھتی ہے،  تجرباتی پروازیں ’پاتھ وے ٹو پرفیکٹ‘ آپریشنل پروگرام کے تحت گزشتہ برس اکتوبرسے ’ریزور طیارے‘ جسے ’جمیلہ‘ کا نام دیا گیا تھا کے ذریعے چلائی جا رہی تھیں۔ 
اس پروگرام کو بوئنگ 9-787 ڈریم لائنز کے ذریعے کمرشل سروسز کے آغاز سے قبل آپریشنل تیاریوں کو یقینی بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔
ایئرلائن کے سی ای او ٹونی ڈگلس کا کہنا ہے کہ یہ پرواز اس بات کا ثبوت ہے کہ کمپنی اپنے تجارتی آپریشنز کے اگلے اور ایڈوانس مرحلے میں داخل ہونے کے لیے مکمل طور پر مستعد ہے۔
انہوں نے کہا کہ بوئنگ 9-787 ڈریم لائنر طیارے یکم جولائی کی طے شدہ تاریخ سے پہلے سروس میں شامل ہو گئے ہیں جو ہماری ٹیم اور شراکت داروں کی اعلٰی صلاحیت اور موثر کارکردگی کا مظہر ہے۔
ریاض ایئر کی لندن کے لیے پروازیں یومیہ اڑان بھریں گی، آر ایکس 401 ریاض کے وقت کے مطابق رات 2:35 پر روانہ ہوگی جو لندن میں صبح کے 7:30 منٹ پر لینڈ کرے گی جبکہ واپسی کے لیے پرواز کا نمبر آر ایکس 402 ہو گا جو لندن کے وقت کے مطابق صبح کے 9:35 پر ٹیک آف کرے گی اور ریاض شام 6:05 پر لینڈ کرے گی۔

 

شیئر: