Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں رنگ روڈ اور شاہراہوں کی تعمیر کے چوتھے مرحلے کا آغاز

تقریبا 40 کلومیٹر طویل چار اہم شاہراہوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
 ریاض رائل کمیشن نے رنگ روڈ اور بعض اہم شاہراہوں کی ترقی کے پروگرام کے چوتھے مرحلے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق شاہراہوں اور رنگ روڈ کے ترقیاتی منصوبوں پر 9.8 ارب ریال لاگت آئے گی۔ اس مرحلے کے تحت تقریبا 40 کلومیٹر طویل چار اہم شاہراہوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
شاہراہوں کے ترقیاتی منصوبوں میں 14 بڑے انٹرچینز، 33 پل، 5 انڈر پاسز اور 6 واکنگ برج شامل ہیں۔
منصوبے کی تکمیل کے بعد گزرنے والی گاڑیوں کی مجموعی گنجائش یومیہ 9 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ ہو جائے گی۔
اس اقدام کا مقصد ٹریفک نظام کی بہتری، شہر کے مختلف حصوں کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانا اور آمد و رفت کے نظام کو منظم و موثر کرنا ہے۔
منصوبے کے تحت شیخ جابر الصباح روڈ کا جنوبی حصہ جو کہ 12 کلومیٹر طویل ہے، چھ کراسنگز، 22 پل اور تین انڈر پاسز بنائیں جائیں گے، جس کے بعد اس سے گزرنے والی گاڑیوں کی یومیہ گنجائش 3 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ جائے گی۔

شہزادہ ترکی بن عبدالعزیز فرسٹ روڈ کا وسطی حصہ جو کہ 9 کلو میٹر طویل ہے، اس میں تین مرکزی کراسنگز، چھ پل اور دو انڈر پاسز شامل ہیں، منصوبے کی تکمیل سے گاڑیوں کی گنجائش 2 لاکھ تک بڑھ جائے گی۔
تیسرا ترقیاتی منصوبہ شہزادہ مشعل بن عبد العزیز روڈ ہے، جو 6 کلو میٹر طویل ہے۔ اس پر دو مرکزی کراسنگ اور دو بڑے پل کے علاوہ 4 واکنگ برج بنائے جائیں گے، جس کے بعد یہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کی یومیہ گنجائش دو لاکھ تک پہنچ جائے گی۔
چوتھا منصوبہ نجم الدین الایوبی شاہراہ کے مغربی حصہ کا ہے، جو 13 کلومیٹر طویل ہے جس میں 3 مرکزی کراسنگز، تین پل اور دو واکنگ برج کی تعمیر کی جائے گی۔

 

شیئر: