ریاض رائل کمیشن کی جانب سے ترقیاتی منصوبے کی تکمیل کے لیے راستے میں آنے والے املاک کی مارکنگ کا آغاز کردیا گیا۔
العربیہ کے مطابق ترقیاتی منصوبے کے پہلے مرحلے میں شہر کی جنوبی رنگ روڈ کی تعمیر ہوگی جو 56 کلومیٹر طویل ہے، الخرج شاہراہ کے مشرقی جانب سے لے کر جدہ شاہراہ کے مغربی سمت تک ہوگی۔
مزید پڑھیں
اس شاہراہ پر( اپ و ڈاون ) چار مرکزی اور ہر دو جانب تین، تین سروسز ٹریکس ہوں گے جبکہ 10 بڑی کراسنگ اور 32 پل تعمیر کیے جائیں گے۔
پلوں کی تعمیر کے منصوبے کے تحت ’وادی لبن‘ پل کے مساوی دو پل تعمیر کیے جائیں گے جو جدہ شاہراہ کے مغربی رنگ روڈ سے جڑے گے۔
پل کی لمبائی چار کلومیٹر ہوگی جبکہ شاہراہ کو ذیلی راستوں اور سمتوں سے جوڑنے کے لیے مزید چار پل تعمیر کیے جائیں گے۔
مغربی سمت کے ترقیاتی منصوبے کے تحت ’الثمامہ شاہراہ‘ پر چھ کلومیٹر طویل سڑک بنائی جائے گی جو کنگ خالد روڈ سے کنگ فہد روڈ کے مشرق تک اور طائف شاہراہ حی لبن سے ہوتی ہوئی القدیہ منصوبے تک جائے گی یہ شاہراہ 16 کلو میٹر طویل ہوگی۔
ریاض رائل کمیشن کے بورڈ کی جانب سے رنگ روڈ کے ترقیاتی منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ پہلے مرحلے میں چار منصوبے شامل ہیں جن کی تخمینی لاگت 13 ارب ریال کے قریب ہے۔