الخبر: تفریحی مقامات اپ گریڈ، 60 سے زائد ترقیاتی منصوبے مکمل
52 کلومیٹر طویل 21 واکنگ ٹریکس تعمیر کیے گئے ہیں ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
دمام میونسپلٹی نے رواں برس کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران الخبر میں 60 سے زائد شہری ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ترقیاتی منصوبوں میں سڑکوں کی مینٹینس، رہائشی علاقوں اور ساحلی مقامات کی اپ گریڈیشن، عوامی پارکوں اور واکنگ ٹریک کی تعمیر اور دیکھ بھال شامل ہے۔
میونسپلٹی کی جانب سے منصوبوں کے تحت 26 سے زائد مقامات پر پیدل چلنے والوں کے لیے فٹ پاتھ اور 77 کلومیٹر طویل سائیکل ٹریکس بنائے گئے، اس کا مقصد پائیدار سفری ذرائع کو فروغ دینا اور شہریوں کے لیے بہتر ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
شہر کے 14 رہائشی محلوں کی ترقی، 6 سے زائد پارکوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ 52 کلومیٹر طویل 21 واکنگ ٹریکس تعمیر کیے گئے۔ توسیعی منصوبے کے تحت شجرکاری اور سبزہ زاروں کا مجموعی رقبہ 23 لاکھ 70 ہزار مربع میٹر ہو گیا ہے۔

مشرقی ریجن میونپسلٹی کا کہنا ہے ’الخبر کی ساحلی پٹی پر ’تراس الخبر‘ منصوبے کا پہلا مرحلہ بھی مکمل کرلیا گیا۔‘
40 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر قائم اس منصوبے میں 1300 مربع میٹر سکیٹنگ ایریا، انٹرایکٹو فاونٹین، چار ہزار مربع میٹر پر محیط سپورٹس زون، واکنگ اور سائیکلنگ ٹریکس شامل ہیں۔
