Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

النماص کی فوگ واک وے جہاں دُھند، پہاڑوں کو اپنا مسکن بنا لیتی ہے

ٹھنڈی فضائیں، سیاحوں اور رہائشیوں کو اپنی جانب کھینچ لاتی ہیں۔( فوٹو: ایس پی اے)
عسیر ریجن میں النماص کمشنری، موسمِ گرما میں مملکت کی سب سے اہم سیاحتی اور تفریحی منزل میں تبدیل ہو جاتی ہے جس کی ٹھنڈی فضائیں، سیاحوں اور رہائشیوں کو اپنی جانب کھینچ لاتی ہیں۔
یہاں پر موسمی بارشیں اور ڈرامائی پہاڑی منظر بھی ہیں۔ اس مقام پر دُھند، پہاڑوں کو اپنا مسکن بنا لیتی ہے۔ گھنے جنگل اور دلکش منظروں کا طویل سلسلہ جب یکجا ہوتے ہیں، تو دل میں نقش ہو جانے والے یادگار سیاحتی تجربے کا باعث بن جاتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اِس علاقے کے بڑے تفریحی مقامات میں فوگ واک وے بھی شامل ہے جو سطحِ سمندر سے 2400 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔
یہ واک وے سات کلومیٹر طویل ہے جہاں سے سروات کے پہاڑوں کا سلسلہ بھی دکھائی دیتا ہے اور تہامہ کے چٹیل میدان بھی نظر آتے ہیں۔ واک وے پر عام لوگوں کے چلنے کے لیے راستے بنائے گئے ہیں، نشستیں موجود ہیں، آرام کے لیے جگہیں مختص ہیں، کھانے پینے کے کھوکھے اور دیگر اشیا کے سٹال ہیں جہاں مقامی دستکاروں کے ہاتھوں سے بنی ہوئی پروڈکٹس دیکھنے کو ملتی ہیں۔

جب آسمان سے پانی ٹپ ٹپ گرتا ہے تو اُس وقت یہ واک وے سب کو اپنے سحر میں جکڑ لیتا ہے۔ بادل اِس کے جلو میں چل رہے ہوتے ہیں اور اگر اُس وقت آپ واک وے پر ہوں تو آپ کو بھی لگے گا کہ آپ بادلوں کے بیچ میں سے گزر رہے ہوں۔
آس پاس کے منظروں کو سبزہ زاروں نے ڈھانپا ہوتا ہے اور بارش کا پانی پہاڑوں، چٹانوں اور درختوں سے راستے بناتا ہوا آپ تک پہنچتا ہے تو اِس علاقے کا قدرتی حُسن، یہاں کے ماحول کی دلکشی کو اتنا بڑھا دیتا ہے کہ انسان گرویدہ ہوکر رہ جاتا ہے۔

النماص میں کئی پارک اور جنگلات بھی اور یہاں کے بلند مقامات سے تہامہ کے میدان بھی دکھائی دیتے ہیں۔ اِن بلندیوں سے ورثے کے دیہات، اور تاریخی محلات بھی نظر آتے ہیں جو سروات کے پہاڑوں کی روایتی مگر قدرتی ساخت کو اجاگر کرتے ہیں۔
 قدرتی ماحول کی اِتنی زیادہ دلکشی مل کر یہاں آنے والوں کو ایسے سیاحتی مقام سے جوڑ دیتی ہے جہاں کے خوشنُما منظر، ثقافتی وراثت کے رنگ میں ڈھل کر اُسے اور بھی دیدہ زیب بنا دیتے ہیں۔

 

شیئر: