سعودی، چینی تعلقات کی مضبوطی: سعودی ولی عہد کا چین کے صدر کو پیغام
سعودی ایلچی نے بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ سے ملاقات میں مکتوب حوالے کیا( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پیر کو چین کے صدر شی جن پنگ کو ایک مکتوب بھیجا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ مکتوب سعودی عرب اور چین کے تعلقات، انہیں مضبوط بنانے کے طریقوں اور مشترکہ دلچسپی کے امور سے متعلق ہے۔
وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان نے بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی اور مکتوب حوالے کیا۔
اس پیغام میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کے طریقوں پر بات کی گی ہے۔

خبررساں ادارے روئٹرز نے چینی وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا ملاقات میں چینی وزیر خارجہ نے کہا ’خلیجی خطہ ایک مرتبہ پھر جنگ اور امن کے درمیان ایک نازک موڑ پر ہے۔‘
چینی وزیر خارجہ نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ خطے میں توانانی کی ترسیل اور آبی گزر گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
ان کا کہنا تھا ’چین دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔‘
