Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عسیر میں ایک دن: بادلوں سے ڈھکے پہاڑ، دلکش ثقافت اور صدیوں پرانی دیہی روایات

 سیاحوں کے ایک گروپ نے عسیر کے گھنے جنگلات کی سیر کی۔ (فوٹو: ایس پی اے)
جیسے ہی سیاح اور مقامی افراد عسیر ریجن میں داخل ہوتے ہیں، فطرت اپنی دلکش خوبصورتی کے جلوے بکھیرنا شروع کر دیتی ہے۔ سرسبز وادیاں، بادلوں میں لپٹی دل فریب پہاڑی چوٹیاں اور جہاں تک نگاہ جاتی ہے، قدرت کے حسین مناظر ہر سمت اپنی دلکشی کا احساس دلاتے ہیں۔
یہاں کا قدرتی حسن، مقامی تاریخی ورثہ اور مہم جوئی کے مواقع سیاحوں کو منفرد و مثالی تجربہ فراہم کر رہے ہیں۔
عسیر ریجن میں السودہ سمیت بلند و بالا پہاڑی علاقوں میں پہنچ کر اندازہ ہوتا ہے کہ یہ سفر قدرتی مقامات کی سیر سے کہیں زیادہ ہے۔ یہاں ثقافت، تاریخ، ورثے اور ایڈونچر کا حسین امتزاج موجود ہے۔
ایس پی اے کے نمائندے نے اس سفر کا خود تجربہ کیا۔ ایک ٹورگائیڈ کی سربراہی میں مملکت کے مختلف علاقوں سے آنے والے سیاحوں کے ہمراہ عسیر کے گھنے جنگلات کی سیر کی۔
سیاحوں نے جنگلات اور پہاڑی علاقوں سے گزرتے ہوئے درختوں، مقامی پودوں اور جنگلی حیات کو دریافت کیا جو اس خطے کی چوٹیوں پر پروان چڑھتے ہیں۔

انہوں نے ثقافتی مراکز اور تفریحی مقامات کا دورہ کیا، جہاں انہیں مقامی طرزِ حیات ار روایت سے آگاہ کرایا گیا۔
روایتی اور جدید طرز تعمیر کے امتزاج سے بنائے گئے سیاحتی مراکز میں تندور کی تازہ روٹی کی مہک نے دورے کے دوران سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کیا۔
سیاحوں کو روایتی روٹی پکانے کے طریقے سے روشناس کرایا گیا۔ اس کے ساتھ عسیر کے روایتی پکوان جن میں ’حنیذ، مشغوفہ اور عریکہ‘ شامل ہیں، کے ذائقے بھی تھے۔

ثقافتی کارنر میں مقامی ہنرمند عسیر کی روایتی دستکاری اور کپڑا بننے کے فن کا عملی مظاہر کرتے دکھائی دیے، جبکہ مقامی خواتین نے ’القط العسیری‘ (عسیری بلی) کے نام سے معروف روایتی دیواری آرٹ تخلیق کیا جو رنگوں اور منفرد نقش ونگار کے ذریعے عسیر کی ثقافتی شناخت کی نمائندگی کرتا ہے۔
ایڈونچر کے شوقین افراد کے لیے بھی وہاں متعدد سرگرمیوں کا خاص اہتمام کیا گیا۔ سیاحوں نے پہاڑی راستوں پر ہائیکنگ کی جبکہ مخصوص ٹریکس پر سائیکل اور آف روڈ موٹر بائیک چلانے کا بھی لطف اٹھایا۔

مقامی سطح پر کاشت کیے جانے والے سعودی قہوہ (سعودی کافی) کے دانوں سے تیار کردہ کافی بھی سیاحوں کو پیش کی گئی، جس کے ساتھ عسیر کا خالص شہد شامل تھا۔
سیاحوں نے پھولوں اور خوشبودار پودوں سے تیار کی جانے والی روایتی ’عصابہ الراس‘ (سر پر باندھنے والی پھولوں کی پٹی) بنانے کا طریقہ بھی دیکھا جو عسیر کے مقامی ورثے اور قدرتی ماحول سے گہرے تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔

 

شیئر: