مملکت میں تعمیراتی شعبے سے 44 لاکھ افراد وابستہ، سعودیوں کا تناسب 14 فیصد
جمعرات 30 جولائی 2026 21:42
سال 2025 میں 20 ہزار تعمیراتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں ( فوٹو: اخبار 24)
سعودی کنٹریکٹرز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں تعمیراتی شعبے سے 44 لاکھ افراد منسلک ہیں، جن میں سعودیوں کا تناسب 14 فیصد ہے۔‘
اخبار 24 کے مطابق سال 2025 میں 20 ہزار تعمیراتی منصوبے شروع کیے گئے جن کی مالیت 3 ٹریلین ریال سے زیادہ رہی۔
سعودی کنٹریکٹرز اتھارٹی نے رپورٹ میں کہا ’یہ شعبہ نہ صرف لیبر مارکیٹ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے بلکہ قومی افرادی قوت کی مہارتوں کے فروغ میں بھی معاون ہے۔‘
منصوبوں کا حجم مملکت میں جاری وسیع ترقیاتی سرگرمیوں کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ سرمایہ کاری کے مواقع کو شفاف انداز میں پیش کرنے اور تعمیراتی کمپنیوں کو بروقت منصوبہ بندی اور موثر انداز میں منصوبوں پر عمل درآمد کی تیاری کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔
تعمیراتی شعبے سے منسلک سعودی کارکنوں کے اعداد و شمار کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی کارکنوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 81 ہزار 843 ہے۔

دفتری و انتظامی امور کے شعبوں میں 3 لاکھ 28 ہزار 402 سعودی کارکن ہیں جبکہ ٹیکنیکل شعبوں میں ایک لاکھ 48 ہزار 921، سعودی سول انجینیئرز کی تعداد 31 ہزار 657 جبکہ عام کارکن 38 ہزار 730 اور تعمیرات کے حوالے سے دیگر شعبوں سے منسلک سعودی کارکنوں کی تعداد 34 ہزار 133 ہے۔
گزشتہ برس 2025 میں تعمیراتی شعبے کو منظم اور مستحکم بنانے کی کوششوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
اس دوران معیارِ تعمیر کو بہتر بنانے کے لیے جدید معیار متعارف کرائے گئے، کنٹریکٹرز کی استعداد کار میں اضافہ کیا گیا۔ شفاف و مسابقتی کاروباری ماحول کو فروغ دیا گیا۔
