طبی میدان میں وزارتِ دفاع کی نمایاں پیش رفت، پہلی ’ٹیلی سرجری‘ کامیاب
طبی میدان میں وزارتِ دفاع کی نمایاں پیش رفت، پہلی ’ٹیلی سرجری‘ کامیاب
جمعہ 31 جولائی 2026 18:44
سرجری کو ریاض کے شہزادہ سلطان ملٹری میڈیکل سٹی سے آپریٹ کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
وزارتِ دفاع کی طبی خدمات کے اداروں نے پہلی مرتبہ ’ٹیلی سرجری‘ کامیابی سے انجام دے کر طبی میدان میں نمایاں سنگِ میل عبور کر لیا۔
ایس پی اے کے مطابق یہ کامیابی جدید ڈیجیٹل انفرا سٹرکچر اور جدید ترین طبی ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے ذریعے جغرافیائی حدود سے بالاتر ہوکر خصوصی طبی نگہداشت فراہم کرنے کی صلاحیت کی عکاس ہے۔
ریموٹ روبوٹک سرجری (ٹیلی سرجری) کا عمل، ریاض کے شہزادہ سلطان ملٹری میڈیکل سٹی کے آپریشن تھیٹر کو ظہران میں شاہ فہد ملٹری میڈیکل کمپلیکس کے آپریشن تھیٹر سے انتہائی محفوظ اور قابلِ اعتماد ڈیجیٹل نیٹ ورک کے ذریعے جوڑتے ہوئے کیا گیا۔
جدید روبوٹک سرجیکل نظام کی مدد سے سرجن نے دور بیٹھ کر نہایت درستگی سے حساس اور پیچیدہ آپریشن کامیابی سے مکمل کیا، دوسری جانب مریض کے ساتھ موجود طبی ٹیم نے آپریشن تھیٹر میں معاون طبی اقدامات انجام دیئے۔
کامیابی روبوٹک سرجری کے فروغ کی جانب پہلا قدم ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ریموٹ روبوٹک سرجری ایک ایسے مریض کی گئی جس کے دائیں گردے کی دائیں جانب یوریٹر (پیشاب کی نالی) کا آپریشن کیا گیا، جو مکمل طور پر کامیاب رہا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریض کی حالت بہتر ہے۔
وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی ریموٹ روبوٹک سرجری کے مزید فروغ کی جانب پہلا قدم ہے۔ مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کے ذریعے مملکت کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں واقع طبی مراکز تک خصوصی طبی خدمات پہنچانا ممکن ہوگا۔