حج سیزن کے دوران پہلی مرتبہ روبوٹک سرجری کی سہولت
دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے مختلف آپریشنز کیے جائیں گے (فوٹو: ایس پی اے)
کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی نے مکہ مکرمہ میں طبی خدمات میں جدت پیدا کرتے ہوئے پہلی مرتبہ روبوٹک سرجری کی سہولت فراہم کی ہے۔
سبق نیوز کےمطابق مکہ مکرمہ ہیلتھ کمپلیکس کی جانب سے سینے کے پیچیدہ آپریشنز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کمپلیکس میں پہلی مرتبہروبوٹک سرجری کے دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے مختلف بیماریوں کے آپریشنز کیے جائیں گے۔
ان آپریشنز میں مختلف اقسام کے ٹیومرز، یورولوجیکل آپریشنز اور اعضا کی پیوند کاری وغیرہ شامل ہیں۔
روبوٹک ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے سرجری کے لیے جدید ترین سسٹم کو اپنایا گیا ہے جس سے آپریشن آسان اور مزید محفوظ ہوں گے۔
جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی حساس اورمحفوظ ترین ’تھری ڈی‘ کیمروں کے ذریعے سرجری کی جاتی ہے جس سے آپریشن انتہائی محفوظ ہوتا ہے اور وقت بھی روایتی سرجری سے کم لگتا ہے۔
سینے کی روایتی سرجری کے لیے 10 سینٹی میٹر تک کا سوراخ کیا جاتا ہے جبکہ روبوٹک سرجری میں ہونے والا سوراخ ایک سینٹی میٹر سے زیادہ نہیں ہوتا۔
علاوہ ازیں اس آپریشن کے بعد صحت یات ہونے کا دورانیہ بھی بہت کم ہو جاتا ہے۔
