مکہ میں کنگ عبد العزیز بین الاقوامی مقابلہ حفظ قرآن کا آغاز، 10 ملین ریال کے انعامات
پہلی مرتبہ خواتین کے لیے بھی مقابلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
مکہ مکرمہ میں جمعرات کو کنگ عبد العزیز بین الاقوامی مقابلہ حفظ قرآن کریم، تلاوت و تفسیر کا 46 ویں ایڈیشن کا آغاز ہوا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس مقابلے میں 133 ملکوں سے 334 افراد شریک ہیں، چار دہائیوں قبل اس ایونٹ کے آغاز کے بعد شرکا کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرست اور وزارت اسلامی امور کے زیر اہتمام یہ مقابلہ 19 اگست تک جاری رہے گا۔
اس مقابلے میں 10.26 ملین ریال کی انعامی رقم رکھی گئی ہے، جو مقابلے کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔
پہلی مرتبہ خواتین کے لیے بھی مقابلے کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ مکہ کے ایک ہوٹل میں خواتین کا الگ مقابلہ اور اختتامی تقریب ہوگی جبکہ مردوں کا فائنل راؤنڈ اور اختتامی تقریب مسجد الحرام میں منعقد کی جاتی ہے۔
اس مقابلے کا مقصد مرد اور خواتین کو حفظ، فہم اور غور و فکر کے ذریعے قرآن پڑھنے کی ترغیب، مثبت مسابقت، نئی نسل کو قران سے جوڑنا اور قرآن کی خدمت کے حوالے سے سعودی عرب کی کوششوں کو اجاگر کرنا ہے۔
یاد رہے گزشتہ برس پہلی کیٹیگری میں پانچ لاکھ ریال کا پہلا انعام جمہوریہ چاڈ کے محمد آدم محمد نے حاصل کیا تھا۔ سعودی عرب کے انس بن ماجد الحازمی کو ساڑھے چار لاکھ ریال کا دوسرا جبکہ نائیجریا کے سنوسی بخاری ادریس کو چار لاکھ ریال کے تیسرا انعام ملا تھا۔
