Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فواد خان، ماہرہ خان اور ہانیہ عامر کی پہلی پاکستانی نیٹ فلکس سیریز کب ریلیز ہوگی؟

سیریز کی مرکزی کاسٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، ہانیہ عامر، احد رضا میر اور صنم سعید شامل ہیں۔(فوٹو:احد رضا میر انسٹاگرام)
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکاروں سے سجی پہلی اوریجنل نیٹ فلکس سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی، جو 4 دسمبر 2026 کو دنیا بھر میں اسٹریمنگ پلیٹ فارم پر پیش کی جائے گی۔
نیٹ فلکس کے مڈل ایسٹ اینڈ نارتھ افریقہ (مینا) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر سیریز کا باضابطہ پوسٹر جاری کیا گیا ہے، جس کے ساتھ بتایا گیا کہ تین نسلوں، محبت کی چھ کہانیوں اور ایک سوال پر مبنی یہ ڈراما انسانی رشتوں اور محبت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرے گا۔
معروف مصنفہ فرحت اشتیاق کے اسی نام سے شائع ہونے والے اردو ناول پر مبنی اس سیریز کی ہدایت کاری اور پروڈکشن مومنہ درید نے کی ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق ناول پہلی مرتبہ 2009 میں خواتین ڈائجسٹ میں قسط وار شائع ہوا تھا، جبکہ 2013 میں اسے کتابی شکل میں پیش کیا گیا۔
سیریز کی مرکزی کاسٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، ہانیہ عامر، احد رضا میر اور صنم سعید شامل ہیں، جبکہ حمزہ علی عباسی، اقرا عزیز، مایا علی، بلال اشرف، خوشحال خان، نادیہ جمیل، عمیر رانا اور ثمینہ احمد بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
کہانی کا مرکزی کردار سکندر نامی ہارورڈ یونیورسٹی کا طالب علم ہے، جو ایک تکلیف دہ واقعے کے بعد خود کو جذباتی طور پر دوسروں سے الگ کر لیتا ہے۔ 
اٹلی میں اس کی ملاقات لیزا نامی فنکارہ سے ہوتی ہے، جو خود بھی ماضی کے تلخ تجربات سے گزر رہی ہوتی ہے۔ دونوں کی ملاقات کے بعد محبت، جدائی، معافی اور زندگی میں آگے بڑھنے کی جدوجہد پر مبنی کہانی آگے بڑھتی ہے۔

Caption

اس سیریز کی خاص بات فواد خان اور ماہرہ خان کی ایک بار پھر سکرین پر جوڑی بننا ہے۔ دونوں اس سے قبل مقبول ڈرامے ’ہمسفر‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے، جبکہ فلم ’نیلوفر‘ میں بھی دونوں نے کام کیا ہے۔
سیریز کی ریلیز کی تاریخ سامنے آنے کے بعد پاکستانی شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر خوشی اور جوش و خروش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
اداکار یاسر حسین نے اپنی اہلیہ اور اداکارہ اقرا عزیز کی انسٹاگرام پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیا بات ہے بیگم، براہِ راست نیٹ فلکس پر، یہ صرف میرے لیے فخر کا لمحہ نہیں بلکہ پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی ایک بڑی کامیابی ہے۔‘

Caption

انہوں نے مومنہ درید پروڈکشن اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد بھی دی، جس پر اقرا عزیز نے دل والے ایموجیز کے ساتھ جواب دیا۔
نیٹ فلکس کی انسٹاگرام پوسٹ پر بھی مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’پاکستان آخرکار نیٹ فلکس کے گروپ چیٹ میں شامل ہو گیا ہے۔‘ ایک اور صارف نے کہا کہ وہ احد رضا میر کی شاندار اداکاری دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں، جبکہ بعض مداحوں نے فواد خان کی اداکاری دیکھنے کے لیے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ سیریز کی ریلیز ان کی سالگرہ کے روز ہوگی، جبکہ دیگر نے پوری کاسٹ کو سراہتے ہوئے اسے پاکستانی ڈراموں کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
ایکس (سابق ٹوئٹر) پر بھی اس اعلان کو سراہا جا رہا ہے۔ 
صحافی مہوش اعجاز نے سیریز کی 4 دسمبر کو ریلیز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل پروڈکشن قرار دیا۔

صارف عمر قریشی نے سیریز کو پاکستان کی پہلی اوریجنل نیٹ فلکس پروڈکشن قرار دیتے ہوئے اس کی ریلیز کی تاریخ، مصنفہ، پروڈکشن اور اداکاروں کی تفصیلات شیئر کیں۔
ایک اور صارف نے فواد خان کی نیٹ فلکس پر آمد کو پاکستانی شوبز کے لیے خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شیئر: