Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیپال کی میرا چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے سفر میں امریکی کوہ پیما ہلاک

بھوپیندر تھاپا کے مطابق موت کی اصل وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جا سکے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
نیپال کے ایورسٹ ریجن میں واقع میرا چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران ایک امریکی کوہ پیما انتقال کر گئے۔
مقامی حکام نے پیر کو اس کی تصدیق کی۔ ضلع سولوکھمبو کے اسسٹنٹ چیف ڈسٹرکٹ آفیسر بھوپیندر تھاپا نے اے ایف پی کو بتایا کہ 66 سالہ کوہ پیما کی لاش اتوار کو تقریباً 5800  میٹر کی بلندی پر ہائی کیمپ میں ایک خیمے کے اندر سے ملی۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں اسی روز لاش کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے دارالحکومت کھٹمنڈو منتقل کر دیا گیا۔
بھوپیندر تھاپا کے مطابق موت کی اصل وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔
میرا چوٹی 6476  میٹر بلند ہے اور نیپال کے مقبول ترین کوہ پیمائی مقامات میں شمار ہوتی ہے۔
نیپال دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے آٹھ کا گھر ہے اور ہر سال ہزاروں غیرملکی کوہ پیما یہاں کا رخ کرتے ہیں جس سے ملک کو خاطر خواہ آمدنی حاصل ہوتی ہے۔
اگست میں شدید سیلاب کے بعد نیپال کی سیاحتی اور کوہ پیمائی صنعت کے بارے میں خدشات پیدا ہوئے تھے، تاہم مہمات کے منتظمین کا کہنا ہے کہ زیادہ تر کوہ پیماؤں نے اپنے منصوبے منسوخ نہیں کیے۔
خزاں کے موسم میں ہمالیہ کی چوٹیوں پر مہمات بہار کے مقابلے میں کم مقبول ہوتی ہیں کیونکہ دن مختصر، موسم زیادہ سرد، راستے برف سے ڈھکے ہوتے ہیں اور چوٹی سر کرنے کے مواقع بھی محدود ہوتے ہیں۔
نیپالی حکام کے مطابق رواں خزاں میں ملک کی نو مختلف چوٹیوں کے لیے 500  سے زائد کوہ پیمائی پرمٹ جاری کیے گئے ہیں، جو بہار کے موسم میں جاری کیے گئے اجازت ناموں کا تقریباً نصف ہیں۔

 

شیئر: