Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: میٹا کے خلاف کانگریس کے احتجاج میں شدت، ملک بھر میں مظاہروں کی دھمکی

انڈیا کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس کے یوتھ ونگ نے میٹا کے خلاف مزید احتجاج کرنے کی دھمکی دی ہے (فوٹو: مانا وائس)
انڈیا کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس کے یوتھ ونگ نے ہفتے کے روز میٹا کی جانب سے اپنے بعض ارکان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور پوسٹس ہٹائے جانے کے خلاف مزید احتجاج کرنے کی دھمکی دی ہے۔ اِس سے ایک روز قبل پارٹی کے کارکنوں کی امریکی کمپنی کے انڈین دفاتر کے باہر پولیس کے ساتھ جھڑپیں ہوئی تھیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق میٹا نے جمعے کو ہونے والے اِن غیر معمولی احتجاجی مظاہروں پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ یہ مظاہرے صارفین کی تعداد کے لحاظ سے میٹا کی سب سے بڑی مارکیٹ انڈیا میں ایک بااثر سیاسی جماعت کی جانب سے احتجاج میں شدت کی علامت ہیں۔ انڈیا میں وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کی جانب سے ناپسندیدہ سوشل میڈیا مواد ہٹانے کے لیے سخت اقدامات کیے جانے کے باعث آزادیٔ اظہار کو لاحق ممکنہ خطرات پر بحث شدت اختیار کر رہی ہے۔
مودی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ صرف اُسی صورت میں مواد ہٹانے کے احکامات جاری کرتی ہے جب وہ مقامی قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہو یا عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتا ہو۔ کانگریس طویل عرصے سے میٹا اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر الزام عائد کرتی رہی ہے کہ وہ پارٹی کے اکاؤنٹس ہٹا کر اور مودی حکومت کی حمایت کرتے ہوئے آن لائن اختلافِ رائے کو محدود کر رہے ہیں۔
میٹا کا کہنا ہے کہ وہ مقامی قوانین کی پابندی کے لیے انڈیا میں بعض مواد پر پابندیاں عائد کرتی ہے۔
انڈین یوتھ کانگریس کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری کی گئی ویڈیو کے مطابق، جمعے کو حیدرآباد میں احتجاج کرنے والے افراد پلے کارڈ اُٹھائے نعرے لگاتے ہوئے اُس عمارت میں داخل ہوگئے جہاں میٹا کے دفاتر قائم ہیں۔ اِس دوران انہوں نے گملے توڑ کر زمین پر پھینک دیے اور پولیس کے ساتھ اُن کی جھڑپیں ہوئیں۔
ایک اور ویڈیو میں کانگریس کارکنوں کو ممبئی میں میٹا کے دفتر کے باہر دیواروں پر کمپنی مخالف نعرے سپرے پینٹ سے لکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اِس دوران اِن کی اُن سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ بھی جھڑپیں ہوئیں جنہوں نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔
انڈین یوتھ کانگریس نے ایکس پر خبردار کیا کہ اِس کے رہنماؤں کے اگر انسٹاگرام اکاؤنٹس بحال نہ کیے گئے تو وہ ’ملک بھر میں میٹا کے دفاتر پر دھاوا بولے گی اور احتجاجی مظاہرے کرے گی‘۔

حالیہ مظاہرے صارفین کی تعداد کے لحاظ سے میٹا کی سب سے بڑی مارکیٹ انڈیا میں ایک بااثر سیاسی جماعت کی جانب سے احتجاج میں شدت کی علامت ہیں (فوٹو: روئٹرز)

ہفتے کے روز کانگریس کے یوتھ ونگ نے ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں اُس کے کارکن وسطی دہلی میں ایک بینر آویزاں کرتے دکھائی دیے۔ اِس بینر میں میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ کا مذاق اڑاتے ہوئے انہیں ’مارک بی جے پی برگ‘ قرار دیا گیا تھا۔ اِس نام کے ذریعے کمپنی پر مودی کی جماعت انڈیایہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طرف داری کا الزام عائد کیا گیا۔
انڈیا کی وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے تبصرے کے لیے بھیجی گئی درخواستوں کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔
صحافتی آزادی کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز‘ کا کہنا ہے کہ رواں سال انڈیا میں سوشل میڈیا سے صحافتی مواد ہٹائے جانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
فروری میں مودی حکومت نے سوشل میڈیا کمپنیوں کو ہدایت کی تھی کہ کسی غیر قانونی مواد کی اطلاع ملنے کے تین گھنٹے کے اندر اِسے ہٹا دیا جائے۔ اس طرح پہلے سے نافذ 36 گھنٹے کی مدت مزید کم کر دی گئی تھی۔
میٹا کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، سال 2026 کی پہلی ششماہی کے دوران انڈیا میں مقامی قوانین کے تحت 54 لاکھ سے زائد پوسٹس یا اکاؤنٹس پر پابندیاں عائد کی گئیں۔ یوں انڈیا تعداد کے اعتبار سے دنیا میں انڈونیشیا کے بعد دوسرے نمبر پر رہا، جب کہ سال 2025 کے دوران ایسی تقریباً 70 ہزار پوسٹوں یا اکاؤنٹس کو محدود کیا گیا تھا۔
میٹا نے اِس حوالے سے کہا ہے کہ ’اِن میں سے بہت بڑی تعداد ایسے مواد پر مشتمل تھی جسے مقامی قوانین کے تقاضوں کے تحت ہمیں ازخود محدود کرنا پڑا۔‘

شیئر: