Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش پر کس کا سایہ پڑ گیا؟ عامر خاکوانی کا کالم

بنگلہ دیش میں تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے پر گارمنٹس ورکرز نے بھی پرتشدد احتجاج کیے ہیں: فوٹو اے ایف پی
24 نومبر بنگلہ دیش کے لیے ایک یادگار دن بننا تھا۔ اس روز اسے اقوام متحدہ کی کم ترقی یافتہ ممالک کی فہرست سے نکلنا تھا۔ یہ قومی فخر کا لمحہ ہوتا، ڈھاکہ میں جشن منایا جاتا۔ ہوا مگر یہ کہ بنگلہ دیش نے خود اقوام متحدہ سے تین سال کی مہلت مانگ لی جو پچھلے مہینے مل بھی گئی۔
ممتاز برطانوی جریدے اکانومسٹ نے اپنے تازہ شمارے میں اس پر اداریہ لکھا ہے اور ایک تفصیلی رپورٹ بھی شائع کی ہے۔ اداریے کا ایک جملہ ساری کہانی سمیٹ دیتا ہے کہ افسوس، بنگلہ دیش کو واقعی سانس لینے کی اس مہلت کی ضرورت ہے کیونکہ دہائیوں کی ترقی کے بعد ملک اب معاشی بحران میں پھنس چکا ہے۔
وہ جو طعنے دیا کرتے تھے
یہ خبر پڑھتے ہوئے مجھے وہ سب لوگ یاد آئے جو پچھلے 10/15 برسوں سے بنگلہ دیش کو ڈنڈے کی طرح استعمال کرتے رہے۔ آپ کو بھی یاد ہوگا، سوشل میڈیا پر آئے روز کوئی نہ کوئی بزعم خود دانشور گراف لگا کر بتاتا کہ ٹکا روپے سے مضبوط ہو گیا، بنگلہ دیش کے زرمبادلہ کے ذخائر 40 ارب ڈالر سے اوپر چلے گئے، فی کس آمدن میں وہ ہم سے آگے نکل گیا۔ پھر وہ دن بھی آیا جب خبریں چلیں کہ فی کس آمدن میں وہ انڈیا کو بھی پیچھے چھوڑ گیا ہے۔
ان باتوں کا نشانہ اصل میں ریاست پاکستان ہوتی تھی۔ طعنہ یہ ہوتا کہ جس حصے کو تم نے بوجھ سمجھا، وہ کئی گنا آگے نکل گیا اور تم وہیں کھڑے ہو۔ بعض حضرات یہ تک کہہ دیتے کہ سقوط ڈھاکہ بنگالیوں کے لیے نعمت ثابت ہوا۔ 
آج وہی حلقے خاموش ہیں۔ اس لیے کہ بنگلہ دیش میں سب کچھ الٹ چکا ہے۔ بنگلہ دیش کے بینک دیوالیہ پن کے کنارے کھڑے ہیں، شرح نمو آدھی رہ گئی ہے، غربت بڑھ رہی ہے، مگر ان صاحبان کی ٹائم لائنز پر اس کا ذکر تک نہیں ملتا۔ میں سمجھتا ہوں یہ موازنہ اس وقت بھی ادھورا تھا۔ کسی ملک کو 10/12 برس کے ایک گراف سے نہیں پرکھا جاتا۔
باسکٹ کیس سے ترقی کی مثال تک
انصاف کا تقاضا ہے کہ بنگلہ دیش کی کامیابیوں کا اعتراف کیا جائے۔ آج 18 کروڑ آبادی والا یہ علاقہ الگ ہوا تو دنیا کا دوسرا غریب ترین ملک تھا۔
امریکی حکام نے اسے باسکٹ کیس قرار دیا تھا، یعنی ایسا ملک جس کا کچھ نہیں ہو سکتا۔ پھر بھی اس نے فی کس آمدن چار گنا کی، بچوں کی شرح اموات بہت کم کی، تقریباً تمام بچوں کو سکول پہنچایا اور چین کے بعد تیار ملبوسات برآمد والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک بن گیا۔
یہ سب کمزور اداروں کے باوجود ہوا۔ اکانومسٹ اسے بنگلہ دیش کا تضاد کہتا ہے، شاندار معاشی نتائج اور بدترین سیاست ایک ساتھ شاید اسی وجہ سے یہ تضاد زیادہ دیر نہیں چل سکا اور بری سیاست نے آخرکار معیشت کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔
بینک میں پیسہ ہے مگر ملتا نہیں

رپورٹس کے مطابق شہریوں کو بینکوں سے کیش حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے: فائل فوٹو اے ایف پی

اکانومسٹ کی رپورٹ ڈھاکہ کے ایک کیفے کے مالک ایکانتو کے ذکر سے شروع ہوتی ہے، جو ایک سال سے اپنے ہی بینک سے اپنی رقم نہیں نکال پا رہے۔ جب بھی گئے، یہی جواب ملا کہ نقدی کی کمی ہے۔ آدھ درجن بینکوں کے کھاتے دار یہی شکایت کر رہے ہیں۔
کسی نے بیٹی کی شادی کے لیے پیسے جوڑے تھے، کسی نے ماں باپ کی تدفین کے لیے۔ ذرا تصور کیجیے کہ لاہور یا کراچی میں کسی بڑے بینک کے کھاتے دار سال بھر سے دھکے کھا رہے ہوں۔ ہمارے ہاں تو ایک دن کی افواہ پر ہنگامہ مچ جاتا ہے۔
بنگلہ دیش میں نادہندہ قرضے کل قرضوں کا تقریباً ایک تہائی ہو چکے ہیں۔ وزیر خزانہ امیر خسرو محمود چودھری نے پچھلے ہفتے پارلیمنٹ کو بتایا کہ ستمبر کے آخر تک یہ شرح 32 فیصد سے اوپر تھی۔ اکانومسٹ نے بات سمجھانے کے لیے پاکستان اور انڈیا کی مثال دی کہ بھارت میں یہ شرح ایک عشاریہ سات (1.7) فیصد اور پاکستان میں پانچ فیصد ہے۔
اکانومسٹ کے بقول پورا بینکاری شعبہ تکنیکی طور پر دیوالیہ ہے۔ بینکوں کی مالی صحت ناپنے کا پیمانہ کیپیٹل ایڈیکویسی ریشو کہلاتا ہے۔
بنگلہ دیش میں یہ قانوناً ساڑھے بارہ فیصد ہونا چاہیے، مگر پورے شعبے کا یہ تناسب منفی تین عشاریہ آٹھ فیصد ہے۔ موازنے کے لیے، بنگلہ دیشی مرکزی بینک کی اپنی رپورٹ کے مطابق پاکستانی بینکوں کا یہی تناسب تقریباً 21 فیصد ہے۔
اسلامی بینک کی کہانی
خراب قرضے زیادہ تر اسلامی بینکوں اور سرکاری بینکوں میں جمع ہیں، جہاں عوامی لیگ کے قریبی لوگ اعلیٰ عہدوں پر بٹھائے گئے تھے۔ اسلامی بینک بنگلہ دیش کے سب سے بڑے بینکوں میں سے ہے اور اس کا تعلق جماعت اسلامی سے بتایا جاتا تھا۔ تاہم حسینہ واجد دور میں پہلے اس پر دہشت گردی کی مالی معاونت کا الزام لگا، جس سے بینک انکار کرتا ہے، پھر ایس عالم نامی کاروباری گروپ نے اس پر قبضہ کر لیا، جس کے مالک محمد سیف العالم مسعود شیخ حسینہ کے اتحادی ہیں۔
اس کے بعد بینک کے تقریباً آدھے قرضے ایس عالم کی کمپنیوں کو دے دیے گئے۔ حسینہ حکومت گرنے کے بعد مسعود صاحب منظر سے غائب ہیں اور کسی غلطی سے انکار کرتے ہیں۔
جو سرمایہ دار بینک چلاتے بھی تھے اور انہی سے قرض بھی لیتے تھے، وہ آج یا جیل میں ہیں یا فرار۔ حسینہ دور کی لوٹ مار پر رپورٹ مرتب کرنے والے ماہر معاشیات دیباپریہ بھٹا چاریہ کہتے ہیں کہ ہم بینکوں کو لوٹنے کے اس چور حکومتی ماڈل کی وراثت بھگت رہے ہیں۔ ویسے پاکستان میں بھی نوے کی دہائی میں سیاسی بنیادوں پر قرضے لے کر معاف کرانے کی داستانیں مشہور ہوئیں، فرق مگر یہ ہے کہ بنگلہ دیش میں پورے کے پورے بینک ہڑپ کر لیے گئے۔
میک اپ اترا تو اصل چہرہ سامنے آیا
نادہندہ قرضوں میں یہ دھماکہ خیز اضافہ صرف نئی لوٹ مار کا نتیجہ نہیں، پرانا پردہ بھی ہٹ گیا ہے۔ 2019 میں بنگلہ دیش کے مرکزی بینک نے نادہندگان کو یہ سہولت دی کہ وہ باقی رقم کا صرف دو فیصد ادا کریں، ایک سال تک کچھ نہ دیں اور باقی 10 سال میں لوٹائیں۔ جونہی دو فیصد ادا ہوتا، قرضہ نادہندہ کی فہرست سے نکل جاتا۔
2020 میں آئی ایم ایف نے خبردار کیا تھا کہ اصل شرح سرکاری طور پر بتائی گئی 10 فیصد سے دگنی ہو سکتی ہے۔ 2025 میں عبوری حکومت نے عالمی معیار اپنایا کہ 90 دن سے زیادہ واجب الادا قرضہ نادہندہ شمار ہوگا، تو شرح بگڑتی گئی اور اب یہ 33 فیصد تک جا پہنچی۔
سوال یہ ہے کہ جب بینکاری نظام کے اعداد یوں سجائے سنوارے جا رہے تھے تو باقی چمکتے دمکتے اعداد پر کتنا بھروسہ کیا جا سکتا تھا؟ جن گرافس کی بنیاد پر ہمیں شرمندہ کیا جاتا تھا، ان کے نیچے کی زمین کھوکھلی تھی۔
معیشت کی رفتار کیوں تھمی؟

اکانومسٹ کے مطابق بنگلہ دیش دہائیوں کی ترقی کے بعد اب معاشی بحران میں پھنس چکا ہے: فوٹو ے ایف پی

حسینہ واجد دور میں چھ سے ساڑھے چھ فیصد شرح نمو عام بات تھی۔ 2025  میں یہ ساڑھے تین فیصد رہ گئی، جو کووڈ کے دنوں جیسی سطح ہے، اور اس سال کا تخمینہ بھی پونے چار فیصد کے آس پاس ہے۔ بینک ہی کمزور ہوں تو کاروبار کو قرض کون دے؟ 
نجی شعبے کے قرضوں میں اضافہ گر کر ساڑھے چار فیصد رہ گیا ہے، جو تین عشروں کی کم ترین سطح ہے۔ مہنگائی 2022 کے وسط سے آٹھ فیصد سے اوپر ہے اور اجرتوں سے تیز بڑھ رہی ہے۔
عالمی بینک کا اندازہ ہے کہ اس سال غربت مسلسل تیسرے سال بڑھے گی۔ اچھی نوکریوں کی کمی، جو 2024 کے طلبہ احتجاج کی اصل شکایت تھی، جوں کی توں ہے۔ اکانومسٹ کو طویل سٹیگ فلیشن کا خدشہ ہے، یعنی معیشت جمود میں رہے اور مہنگائی بھی کم نہ ہو۔
ایران جنگ کے دوران خلیج سے ایندھن کی ترسیل متاثر ہونے سے کارخانے بند ہوئے اور گارمنٹس کی صنعت ہڑتالوں کی زد میں آ گئی۔
خزانے کا حال بھی پتلا ہے۔ مرکزی بینک اب تک بینکوں کو چھ ارب ڈالر سے کچھ اوپر کی ہنگامی مدد دے چکا ہے، جبکہ ریٹنگ ایجنسی موڈیز کے مطابق بینکوں کو جی ڈی پی کے دس فیصد کے برابر نیا سرمایہ چاہیے۔ یہ پیسہ کہاں سے آئے گا؟ 
بنگلہ دیش ٹیکس میں جی ڈی پی کا صرف سات فیصد جمع کرتا ہے۔ اکانومسٹ نے خود لکھا کہ جنوبی ایشیا کے لحاظ سے بھی یہ بہت کم ہے اور پاکستان بھی تقریباً 10 فیصد جمع کر لیتا ہے۔ جی ہاں، وہی پاکستان جس کی ٹیکس وصولی کا ہم خود رونا روتے رہتے ہیں۔
تو سایہ کس کا ہے؟

ایران جنگ کے دوران خلیج سے ایندھن کی ترسیل متاثر ہونے سے کارخانے بند ہوئے اور گارمنٹس کی صنعت ہڑتالوں کی زد میں آ گئی۔ فائل فوٹو اے ایف پی

میرے نزدیک اس سوال کا جواب سیاست ہے، وہ سیاست جو معیشت کو اپنی جاگیر سمجھتی ہے۔ شیخ حسینہ واجد 15 سال اقتدار میں رہیں۔ ترقی کے نعروں کی آڑ میں اپوزیشن کو کچلا گیا، اداروں کو پالتو بنایا گیا اور بینک حواریوں میں بانٹ دیے گئے۔ 
2024 میں طلبہ تحریک نے یہ بت گرا دیا اور حسینہ انڈیا  فرار ہو گئیں۔ مظاہرین کے خلاف خونریز کریک ڈاؤن پر انہیں غیر حاضری میں سزائے موت سنائی جا چکی ہے، پھر بھی انہوں نے دسمبر میں واپسی کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے بعد ڈھاکہ میں 50 سے زیادہ دیسی ساختہ بم پھٹے۔
اس سال فروری کے انتخابات میں طارق رحمان کی بی این پی اقتدار میں آئی، جبکہ الیکشن سے عوامی لیگ کو باہر رکھا گیا تھا۔ اکانومسٹ کے مطابق ایسے آثار ہیں کہ نئی حکومت بھی ٹال مٹول کر رہی ہے۔ جون میں کچھ قرض داروں کو سود کی ری شیڈولنگ کی سہولت دی گئی اور بینکوں کی شرح سود پر حد لگا دی گئی۔
رپورٹ کا سب سے چبھتا ہوا حصہ ایک ماہر معاشیات کا تبصرہ ہے کہ بی این پی سے وابستہ سرمایہ دار 15 سال سے لوٹ مار میں اپنی باری کا انتظار کر رہے تھے۔ ایک سابق افسر نے بات ایک جملے میں نمٹا دی کہ بنیادی طور پر کچھ نہیں بدلا۔
ہمارے لیے سبق کیا ہے؟

2024  میں طلبہ تحریک  کے نتیجے میں اس وقت کی وزیراعظم شیخ حسینہ انڈیا  فرار ہو گئیں: فائل فوٹو اے ایف پی

میں نہیں سمجھتا کہ یہ بغلیں بجانے کا موقع ہے۔ بنگلہ دیش کے عام آدمی کی مشکل پر خوش ہونا کسی طور مناسب نہیں، ایکانتو جیسے لوگ ہماری ہی طرح بچوں کی شادی کے لیے پیسے جوڑتے ہیں۔ یاد بس یہ رکھنا چاہیے کہ جو لوگ ہر بات میں پاکستان کو کمتر اور کسی دوسرے کو ماڈل بنا کر پیش کرتے تھے، وہ کتنے سطحی تجزیے کر رہے تھے۔
پاکستان کے مسائل اپنی جگہ ہیں۔ ہماری معیشت بھی برسوں آئی ایم ایف کے سہارے چلتی رہی ہے۔ یہ ماننے میں مگر کوئی حرج نہیں کہ ہمارا بینکاری نظام اس طرح نہیں بکھرا۔ جس سٹیٹ بینک کو ہم اکثر کوستے ہیں، اسی کی سخت نگرانی اور ضابطوں کی وجہ سے آج پاکستانی بینکوں کے اعداد کہیں بہتر ہیں۔
اصل سبق یہ ہے کہ اداروں کی مضبوطی کے بغیر ترقی کا گراف ریت کا محل ہوتا ہے اور کرونی کیپیٹلزم آخرکار بینکوں کو کھا جاتا ہے۔ اکانومسٹ کے اداریے کا آخری جملہ ہے کہ انتہائی غربت سے نکلنا اور ایک بری حکومت سے جان چھڑانا تو صرف آغاز ہے۔ 
دعا ہے کہ بنگلہ دیش کے عوام اس مشکل سے جلد نکلیں اور ہم بھی دوسروں کے گرافوں پر کڑھنے کے بجائے اپنا گھر ٹھیک کرنے پر توجہ دیں۔ آمین۔

شیئر: