قرآن کریم کے قدیم نسخے کی خطاطی کرنے والے اُزبک خطاط
ازبکستان سے تعلق رکھنے والے قرآن کریم کے معروف خطاط حبیب اللہ صالح کا کہنا ہے کہ ’مجھے خلیفۃ المسلمین حضرت عثمان بن عفان کے قرآن کریم کے ایک نسخے کی خطاطی کا اعزاز حاصل ہے۔
سعودی ٹی وی الاخباریہ سے ریاض بک فیئر میں گفتگو کرتے ہوئے حبیب اللہ کا کہنا تھا کہ ’خطاطی کا شوق شروع سے ہی تھا، کچھ تاریخی اشیا کی خطاطی کرنا چاہتا تھا۔ اس دوران مجھے خیال آیا کہ حضرت عثمان بن عفان کے قرآن کریم کے نسخے جو ہمارے یہاں اسلامی سینٹر میں موجود ہیں کی کاپی کی خطاطی کروں جو اسی کی طرح کی ہو۔‘
خطاط حبیب اللہ نے اپنے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے ابتدائی تعلیم بخارا کے ایک عربی مدرسے سے حاصل کرنے کے بعد فیصلہ کیا کہ عربی زبان پر عبور حاصل کریں۔ لہٰذا سات برس تک ایک عرب مدرسے میں تعلیم حاصل کی۔
بعد ازاں امام البخاری کالج تاشقند میں داخلہ لیا پھر اردن کی اسلامی یونیورسٹی کی شریعت فیکلٹی میں تعلیم حاصل کی۔
خطاط حبیب اللہ صالح کا کہنا تھا کہ ’زمانہ طالبعلمی میں ہی خطاطی میں اتنی مہارت حاصل کرلی تھی کہ تمام انواع کے عربی رسم الخط کو بآسانی لکھ سکتا تھا۔‘
یاد رہے کہ ریاض انٹرنیشنل بُک فیئر 2025 جس کا آغاز بدھ سے ہوا ہے، میں ازبکستان اعزازی مہمان کے طور پر شرکت کر رہا ہے۔
بک فیئر میں عربی خطاطی کے مقابلے کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عربی خطاطی کو سعودی ثقافتی شناخت، اسلامی اور عرب تہذیب کے فنی ورثے کے بنیادی حصے کے طور پر فروع دینا ہے۔
نو مقامی اور بین الاقوامی خطاط ثلث، رقہ اور جلی دیوانی کیٹیگری میں ہر ایک کے لیے پہلی تین پوزیشنوں کے لیے مقابلہ کریں گے۔
