کنگ عبد العزیز بین الاقوامی مقابلہ حفظ قرآن کا فائنل راؤنڈ
133 ملکوں سے 334 افراد (202 مرد اور 132 خواتین) شریک ہیں( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبد اللطیف آل شیخ نے سنیچر کو کنگ عبد العزیز بین الاقوامی مقابلہ حفظ قرآن، تلاوت و تفسیر کے 46 ویں ایڈیشن کے فائنل مرحلے کا افتتاح کیا ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی میں منعقد ہونے والے مقابلے میں 133 ملکوں سے 334 افراد (202 مرد اور 132 خواتین) شریک ہیں، چار دہائیوں قبل مقابلے کے آغاز کے بعد شرکا کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
شیح ڈاکٹر عبد اللطیف آل شیخ نے وڈیو کانفرنس سے خطاب میں کہا ’مقابلے میں پہلی مرتبہ خواتین کی کیٹیگری شامل کی گئی ہے، خواتین کو اس بین الاقوامی مقابلے میں شرکت کا موقع ملا ہے۔‘
وزارت نے گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران مقابلے کو وسعت دی ہے، مختلف زمروں میں فاتحین کی تعداد 12 سے بڑھا کر 50 کر دی جبکہ مجموعی انعامی رقم بڑھا کر 10.26 ملین ریال کردی گئی ہے۔
فائنل مرحلے میں مردوں کے لیے مسجد الحرام جبکہ خواتین شرکا کے لیے ہلٹن کانفرنس ہوٹل میں اہتمام کیا گیا ہے۔
ججنگ کمیٹی نے پانچ زمروں میں قرآت کا جائزہ لیا، تقریب میں ممتاز علما، آئمہ اور وفود کے سربراہان کے علاوہ عالمی میڈیا کے نمائندے موجود تھے۔
اس مقابلے کا مقصد مرد اور خواتین کو حفظ، فہم اور غور و فکر کے ذریعے قرآن پڑھنے کی ترغیب، مثبت مسابقت، نئی نسل کو قران سے جوڑنا اور قرآن کی خدمت کے حوالے سے سعودی عرب کی کوششوں کو اجاگر کرنا ہے۔
